پی آئی اے نے 2 سال بعد لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازیں بحال کر دیں

قومی ائیرلائن کی جانب سے مقامی روٹ پر 8 مارچ سے پروازیں بحال کی جائیں گی، پہلی پرواز لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھرے گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 5 مارچ 2021 00:49

پی آئی اے نے 2 سال بعد لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازیں بحال کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2021ء) پی آئی اے نے 2 سال بعد لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازیں بحال کر دیں، قومی ائیرلائن کی جانب سے مقامی روٹ پر 8 مارچ سے پروازیں بحال کی جائیں گی، پہلی پرواز لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھرے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن نے لاہور سے اسلام آباد فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ائیرلائن حکام کے مطابق اس سلسلے میں پہلی پرواز 8 مارچ صبح ساڑھے 8 بجے لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔ قومی ایئر لائن کی پرواز 650 لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے مسافروں کو لے کر اسلام آباد جائے گی۔ پی آئی اے لاہور سے اسلام آباد کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں آپریٹ کرے گا۔ پی آئی اے کا لاہور سے اسلام آباد یکطرفہ کرایہ صرف 6 ہزار 848 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی آئی اے کا لاہور سے اسلام آباد کے لیے فضائی آپریشن گزشتہ 2 سال سے بند تھا۔ پی آئی اے کی پروازوں میں اضافے کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ ادارے کو چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ایئر لائن کی معاشی صورت حال بہتر بنانے کے لیے مختلف غیر ملکی سیکٹرز پر پروازوں کا آغاز اور تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

پی آئی اے عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان تیار کر رہی ہے جس سے پی آئی اے کو دنیا بھر میں کامیابی حاصل ہوگی۔ کرونا وبا کی وجہ سے پی آئی اے سمیت ایوی ایشن کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے، کرونا سے ہونے والے مالی نقصان اور آئندہ کے بچا کے لیے وزیر اعظم سے ایوی ایشن پالیسی کو متوازن بنانے کی درخواست کی ہے۔ ادارے کے سربراہ نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کی تاشقند باکو کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں شروع کی جا رہی ہیں، بشکک کے لیے چارٹر اور کمرشل پروازیں جلد شروع کی جائیں گی جب کہ کابل کے لیے ہفتہ وار 5 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔

چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا ہے کہ نئے سیکٹرز کے لیے 8 طیاروں کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، اے ٹی آر طیاروں کے حوالے سے غیر منافع بخش معاہدے کو وقت سے قبل ختم کرنے کے بعد اے ٹی آر واپسی کا آغاز کر دیا ہے۔