عوام ہم سے ناراض ہیں

ارکان اسمبلی کے بھی کچھ تحفظات ہیں مگر ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ غلام سرور خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 مارچ 2021 11:43

عوام ہم سے ناراض ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مارچ 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ عوام ہم سے ناراض ہیں اور ارکان اسمبلی کے بھی کچھ تحفظات ہیں مگر ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی اور لیگی حکومتیں ارکان اسمبلی کے نخرے سہتی تھیں لیکن پی ٹی آئی کی حکومت ارکان کے نخرے نہیں سہتی۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہم سے ناراض اور ارکان اسمبلی کےبھی تحفظات ہیں پھر بھی ہم حکومت کے ساتھ ہیں جب کہ ارکان اسمبلی کے تحفظات کا وزیراعظم کو احساس ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی حکومت کے بہترین نہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ قومی اسمبلی آمد پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بہترین ہے لیکن عمران خان اس ملک میں واحد اُمید ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ کس نے سینیٹ میں حکومتی امیدوار کو ووٹ دیا اور کس نے نہیں، ہمارا یہی جھگڑا ہے کہ مخالف ووٹ دینے والوں کا علم الیکشن کمیشن کو ہونا چاہئیے، اسی لیے ہم کہہ رہے تھے کہ ووٹ دینےوالے کا علم ہونا چاہئیے۔ اس سے قبل مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ میں یہ نہیں کہ سکتا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بہترین ہے۔

عوام کی توقعات زیادہ ہیں اور کارکردگی کہیں بہتر کرنے کی ضرورت بھی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت عمران خان اس ملک میں واحد امید ہے، اس کے علاوہ صرف سیاسی مگر مچھ ہیں جو ملک کو دبوچنا چاہتے ہیں تاکہ بچے کچے وسائل بھی ہڑپ کر سکیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت میں اتحادیوں نے حکومت کو ٹف ٹائم دیا ، لیکن اپوزیشن کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سے حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے کی تیاری کی جا رہی ہے جس کے تحت اپوزیشن نے مارچ کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔