ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے رانا ثنااللہ،احسن اقبال

،ارمغان سبحانی کو خصوصی ٹاسک ،حمزہ شہباز خودنگرانی کرینگے ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں18مارچ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی بارے غورکیا گیا پی ڈی ایم کی قیادت حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کرے ،لوگ مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے فاقوں پر مجبور ہیں‘حمزہ شہباز

پیر 8 مارچ 2021 21:03

ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے رانا ثنااللہ،احسن اقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے لئے رانا ثنااللہ،احسن اقبال اورارمغان سبحانی کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ،مہم کو پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز خود مانیٹر کریںگے۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں اہم اجلاس ہوا جس میں میں 18مارچ کوڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی بارے غورکیا گیا۔

اجلاس میںاحسن اقبال ،رانا ثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگرنے شرکت کی جبکہ امیدوار نوشین افتخار کو بھی آن بورڈ لیا گیا۔ اجلاس میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ضمنی انتخاب کے حوالے سے ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ حمزہ شہباز شریف سارے عمل کو خود مانیٹر کریں گے ۔

(جاری ہے)

ڈسکہ ضمنی انتخا ب میںرانا ثنااللہ،احسن اقبال اورارمغان سبحانی کو خصوصی ٹاسک دیا گیا۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ڈسکہ کی نشست کوبھاری مارجن سے جیتنا ضروری ہے۔پہلے سے بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ انتخاب لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب نالائق حکمران عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کرتے تو پھر عوام ضمنی اورسینٹ انتخابات جیسے فیصلے دیتے ہیں ،حکمران پونے تین سالوں میں کوئی ایک بھی میگا پراجیکٹ دکھا دیں،ہمارے دور حکومت میں معیشت کی گروتھ 5.8فیصد تھی جبکہ آج صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے فاقوں پر مجبور ہیں جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔