ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی متعلقہ افسران کو ہدایت

منگل 16 مارچ 2021 17:19

بہاول پور۔16مارچ  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2021ء) :وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس چوہدری طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقدہوا جس میں بہاول پور کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چوہدری، ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال، تعمیراتی محکموں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں این اے172 میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام-II،سپیشل پیکیج، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام(SAP-I)، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام(SAP-II)، اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 ء کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی رفتار کار کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیلڈ افسران ترقیاتی منصوبوں کی موقع پر جاکر مانیٹرنگ کریں اور ترقیاتی فنڈز شفاف انداز میں استعمال کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں مقررہ معیار میں مکمل کی جائیں اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر بھرپور توجہ دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 23 ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا اور163.277 ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے104.420ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں اور3ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہوئی ہیں جبکہ بقایا ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ سپیشل پیکیج کے تحت 89ترقیاتی سکیموں کے لیے1148.982ملین روپے کے فنڈز جاری کیے گئے اور ابتک 799 ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں اور30ترقیاتی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔

پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام(SAP-I)کے تحت81ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا اور146 ملین روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے اب تک144ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں اور65ترقیاتی سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ بقایا سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ اسی طرح پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام(SAP-II)کے تحت 69ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا اور146.428ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری ہوئے جن میں سے اب تک 94ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں اور25ترقیاتی سکیمیں تکمیل پا چکی ہیں۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP 2020-21)کے تحت44 سکیموں پر کام شروع کیا گیا اور346.820 ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے اب تک227.820ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز استعمال ہوئے ہیں اور18سکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔ بعد ازاں وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت چولستان اراضی الاٹمنٹ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال، اراکین اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چوہدری اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی افسران نے چولستان اراضی الاٹمنٹ کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق چولستانی باشندوں کو اراضی الاٹمنٹ کرنے کے عمل کو شفاف اور میرٹ کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے۔ انہوں  نے کہا کہ تمام انتظامی امور کو جلد مکمل کیا جائے اور طے شدہ قواعد کے مطابق اراضی الاٹمنٹ کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔