میرے خلاف مقدمہ کرو گے تو میں بھی بازو مروڑوں گا

جہانگیر ترین نے عدالت پیشی پر طاقت کا مظاہرہ کر کے عمران خان کو پیغام دے دیا

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات اپریل 12:21

میرے خلاف مقدمہ کرو گے تو میں بھی بازو مروڑوں گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار، 7اپریل 2021) سینئر صحافی ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑے لوگوں کا احتساب ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔عمران خان کے لئے جہانگیر ترین سے متعلق اپنی پوزیشن سے پیچھے ہٹنا مشکل ہوگا۔ارشاد بھٹی نے کہا ہے اس ملک میں بڑے لوگوں کا احتساب ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔جہانگیر ترین کی بدھ کو پیشی تھی وہ اپنے ساتھ اراکین کو لے کر عدالت پہنچ گئے۔

جہانگیر ترین اس طرح پیغام دیا کہ میرے خلاف مقدمہ کرو گے تو میں بھی بازو مروڑوں گا۔جہانگیر ترین کی سیاسی مخالفت کے ساتھ ان پر شوگر مافیا سے تعلقات ہونے کے الزامات بھی ہیں۔جہانگیر ترین اپنا سیاسی مقدمہ ایک جگہ، قانونی مقدمہ دوسری جگہ لڑیں۔ارشاد بھٹی نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین اور ان کے رشتے داروں کا مبینہ طور پر سب سے بڑا شوگر ملز گروپ ہے۔

(جاری ہے)

شوگر کمیشن میں ان کے ڈبل کھاتے اور ڈبل رجسٹر نکلے۔کسان سے زیادتی بھی نکلی ،شوگر سے متعلق سارا پلندہ جہانگیر ترین کے خلاف ہے۔ اسی حوالے سے سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے اپنے ساتھیوں کو ساتھ کھڑا کرکے اپنی طاقت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے سب سے قریبی دوست سمجھے جانے والے کھل کر سامنے آگئے ہیں۔جہانگیر ترین نے پیغام دیا ہے کہ ایک سال تک چپ رہا اب ظلم بڑھتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ایک اہم وفاقی وزیر سمیت، پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز نے جہانگیر ترین کی پیشی کے موقع پر ساتھ جانے کا اصرار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے تینوں اراکین کو ساتھ لے جانے سے انکار کر دیا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ جانے کے خواہشمند وفاقی وزیر اور ایم پی ایز عمران خان کے بھی کافی قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ وفاقی وزیر نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کا وقت لے رکھا تھا اور انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کر نی تھی۔