پمز میں 14 بچوں کی وفات کے بعد آگ بجھانے کی مشق ناکام، سلنڈروں میں ناقص گیس کا انکشاف

آگ نے فائر بریگیڈ کا بھی پول کھول دیا، ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر سٹاف نے سپرے کرکے سلنڈر ختم کردئیے مگر معمولی گتوں سے لگی آگ بھی نہ بجھ سکی؛ صحافی اعجاز چیمہ کی ایکس پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 17:38

پمز میں 14 بچوں کی وفات کے بعد آگ بجھانے کی مشق ناکام، سلنڈروں میں ناقص ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پمز میں 14 نومولود بچوں کے جھلس کر وفات پانے کے بعد ہسپتال انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی جانب سے کی جانے والی ہنگامی ریہرسل میں مزید سنگین نااہلی اور جعلی سازی کا انکشاف سامنے آگیا۔ صحافی اعجاز چیمہ کے مطابق پمز ہسپتال میں آگ لگنے سے 14 معصوم نوزائیدہ بچوں کی المناک وفات کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے فائر بریگیڈ کے تعاون سے ہسپتال کی حدود میں آگ بجھانے کی ایک رسمی مشق منعقد کی، مگر اس مشق نے محکمے کی قلعی کھول کر رکھ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ریہرسل کے دوران استعمال کیے جانے والے آگ بجھانے والے سلنڈروں میں موجود گیس جعلی اور دو نمبر نکلی، ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے نے بار بار سپرے کرکے پورے سلنڈرز خالی کردیئے، مگر معمولی گتوں کو لگائی گئی چھوٹی سی آگ بھی بجھانے میں مکمل ناکام رہے، اگر خدا نخواستہ ہسپتال میں دوبارہ کسی شعبے میں آگ بھڑک اٹھی تو یہ جعلی اور ناقص گیس انسانی جانیں بچانے کے بجائے مزید تباہی کا باعث بنے گی۔

(جاری ہے)

صحافتی حلقوں اور عوام کی جانب سے اس کھلی مجرمانہ غفلت اور ناکارہ آلات کی فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پمز ہسپتال انتظامیہ، فائر بریگیڈ اور ناقص فائر فائٹنگ گیس سپلائی کرنے والے کرپٹ ٹھیکیداروں کی فوراً خبر لیں اور اس سنگین فراڈ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔