جی محترمہ منسٹر صاحبہ! رسیدوں کا کیا کرنا ہے؟ لندن جہاز والی رسیدیں کب دیں گی؟ فواد چوہدری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ لندن کے اخراجات پر سابق وفاقی وزیر اور عظمیٰ بخاری میں نوک جھونک

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 17:03

جی محترمہ منسٹر صاحبہ! رسیدوں کا کیا کرنا ہے؟ لندن جہاز والی رسیدیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہٴ لندن اور بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کیلئے جانے کی غرض سے سرکاری جہاز کے استعمال پر اٹھنے والے اخراجات کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کے درمیان اس معاملے پر سوشل میڈیا پر نوک جھونک ہوئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مریم نواز کے دورہٴ برطانیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’مریم نواز کا لندن میں بیٹی کی گریجویشن کا خرچ جو اس 'امیر' قوم نے ادا کیا‘، فواد چوہدری کے اس تنقیدی بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے تمام الزامات کی سخت الفاظ میں تردید کی اور دعویٰ کیا کہ ’بالکل غلط! وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے لندن وزٹ کے لیے استعمال ہونے والے جہاز کے تمام اخراجات اپنے پاس یعنی ذاتی جیب سے ادا کیے ہیں‘۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری کی اس صفائی پر فواد چوہدری نے ایک بار پھر طنز کرتے ہوئے ان سے ادائیگی کی رسیدیں طلب کرلیں، فواد چوہدری نے صوبائی وزیر اطلاعات کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ جی محترمہ منسٹر صاحبہ!! رسیدوں کا کیا کرنا ہے؟ لندن جہاز والی رسیدیں کب دیں گی؟‘۔