پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن کریک ڈاؤن؛ پٹواریوں نے ہڑتال کردی، پٹوار خانے مسلسل 7 روز سے بند

روزمرہ کے جائیداد کے معاملات طے کرنے کیلئے آنے والے شہری پٹوار خانوں اور اراضی مراکز کے چکر کاٹنے پر مجبور

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 18:05

پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن کریک ڈاؤن؛ پٹواریوں نے ہڑتال کردی، پٹوار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) پنجاب میں اینٹی کرپشن کی جانب سے شروع کیے گئے سخت کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے ردِعمل میں لاہور سمیت صوبے بھر کے پٹوار خانے مسلسل 7 روز سے مکمل طور پر بند پڑے ہیں، جس کی وجہ سے اراضی ریکارڈ اور جائیدادوں کی خریدو فروخت کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور، ملتان، گجرات، خوشاب اور سرگودھا سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اینٹی کرپشن ٹیموں کی جانب سے پٹواریوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اس کریک ڈاؤن کے خلاف پٹواریوں نے کام معطل کردیا ہے جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے زمینوں کے انتقال، نقلِ ملکیت یعنی فرد کا حصول اور رجسٹریوں کا تمام کام مکمل طور پر رُکا ہوا ہے، روزمرہ کے مالیاتی اور جائیداد کے معاملات طے کرنے کے لیے آنے والے شہری پٹوار خانوں اور اراضی مراکز کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں جبکہ متعلقہ عملہ غائب یا ہڑتال پر ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن محکمے نے رشوت ستانی اور بے ضابطگیوں کی شکایات پر ملتان، گجرات، خوشاب اور سرگودھا کے مختلف پٹوار خانوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ قبضہ میں لیا ہے اور متعدد مقدمات درج کیے ہیں، تاہم پٹواریوں اور ریونیو عملے کی جانب سے کام کی معطلی کے بعد صوبائی انتظامیہ اور محکمے کے درمیان تناؤ شدید ہوگیا اور انتظامیہ کی جانب سے متبادل انتظامات نہ ہونے کے باعث عام شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔