عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے 2 بڑی سیاسی جماعتوں کا جہانگیرترین سے رابطوں کا انکشاف

ہفتہ 10 اپریل 2021 14:38

عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے 2 بڑی سیاسی جماعتوں کا جہانگیرترین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2021ء) وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے 2 بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت کا جہانگیرترین سے رابطوں کا انکشاف ہوا ، نواز شریف اور اذصف زرداری نے جہانگیرترین کو ملاقات کیلئے پیغام بھیجا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کی منصوبہ بندی سامنے آگئی ، دو بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت کا جہانگیرترین سے رابطوں کا انکشاف ہوا، رابطے پچھلے کئی ماہ سے جاری ہیں اور لندن پلان بھی بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے جہانگیرترین کوملاقات کیلئے خفیہ پیغام بھی بھجوایا، پیغام حسین نوازکے ذریعے بھیجاگیا، جس میں لندن میں ملاقات کی درخواست کی گئی۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے بھی جیل جانے سے قبل معاملات طے کرنے کے پیغام بھیجا اور قابل اعتمادشخص کے ذریعے ڈیل کی پیشکش کی ، لیگی قیادت کے رابطے جہانگیرترین کی لندن موجودگی کے دوران ہوئے، حسین نواز نے لندن اور شہباز شریف نے پاکستان میں معاملات طے کرنے کا کہا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے کہاکہ ( ن )لیگ ڈیل کے بدلے جہانگیرترین کے ساتھیوں کاساتھ چاہتی تھی ،نواز شریف نے رابطے کی کوشش سے متعلق معاملات کو خفیہ رکھنے کا کہا تھا۔ذرائع کے مطابق جہانگیرترین نے جواب میں کہاکہ نوازشریف کی نااہلی میں کرداراداکیا ، ان سے ملاقات کیسے کر سکتا ہوں، سیاست کیلئے نااہل ہوچکا اور پارٹیاں بدلنے کی عمر نہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے بھی جہانگیرترین کو ملاقات کیلئے پیغام بھیجا، پیپلزپارٹی کی جانب سے رابطے سینیٹ الیکشن کے دوران بھی کئے گئے، آصف زرداری کے قریبی دوست اور اہم رہنماجہانگیرترین سے اب بھی رابطے میں ہیں ، تاہم جہانگیرترین نے جواب دیا ہے کہ خود سیاست کر سکتا ہوں اور نہ بیٹے کو لانا چاہتا ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی جہانگیرترین کی کمپنی کے جہازمیں مہم چلاتے رہے، اسی جہازمیں عمران خان بھی اپنی انتخابی مہم چلاچکے ہیں۔