ڈسکہ ضمنی الیکشن ،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فردوس عاشق ،لیگی رکن اسمبلی ذیشان رفیق ،(ق) کے سلیم بریار کو شوکاز نوٹس جاری

ہفتہ 10 اپریل 2021 17:27

ڈسکہ ضمنی الیکشن ،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فردوس عاشق ،لیگی رکن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2021ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سیالکوٹ نے ڈسکہ الیکشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان ،مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی ذیشان رفیق اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سلیم بریار کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پریس کانفرنس میں حلقے کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے (ق) لیگ کے رہنما چوہدری سلیم باریار کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سلیم باریار نے 9 اپریل کو حلقے کا دورہ کیا اور 50 کروڑکے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ذیشان رفیق ضمنی الیکشن کے دوران بونکانوالا پولنگ اسٹیشن پہنچے،ذیشان رفیق کے پولنگ اسٹیشن پہنچنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے لیگی ایم پی اے کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا جس کے باعث پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق کو واپس جانے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے (ن) لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کو نوٹس جاری کر دیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حلقے کا دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔شوکاز نوٹسز میں کہا گیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مذکورہ رہنما اپنا جواب جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔