پی ٹی آئی کے ڈسکہ الیکشن کو آسان ہدف لینے کی وجوہات سامنے آنے لگیں

پی ٹی آئی امیدواراسجد ملہی نے اپنا ووٹ کاسٹ ہی نہیں کیا، اسجد ملہی 2 بارآبائی حلقے میں آئے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا، جبکہ (ن) لیگی امیدوارنوشین افتخار نے علی الصبح ہی ووٹ کاسٹ کردیا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 11 اپریل 2021 11:12

پی ٹی آئی کے ڈسکہ الیکشن کو آسان ہدف لینے کی وجوہات سامنے آنے لگیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 11 اپریل 2021ء) پی ٹی آئی کے ڈسکہ الیکشن کو آسان ہدف لینے کی وجوہات سامنے آنے لگی ہیں، قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنا ووٹ کاسٹ ہی نہیں کیا، (ن) لیگی امیدوار نوشین افتخار نے اپنا ووٹ علی الصبح ہی کاسٹ کردیا تھا، جبکہ اسجد ملہی 2 بار اپنے آبائی حلقے میں آئے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل ہوا، پولنگ صبح 8 بجے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ضمنی انتخاب کے معرکے میں پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کے درمیان مقابلے میں عوام نے ووٹ کاسٹ کیے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کی جانب سے بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنا ووٹ کاسٹ ہی نہیں کیا، اسجد ملہی 2 بار اپنے آبائی حلقے میں آئے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

اس کے برعکس (ن) لیگی امیدوار نوشین افتخار نے اپنا ووٹ علی الصبح ہی کاسٹ کردیا تھا۔ دوسری جانب الیکشن میں شکست کے ردعمل میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں ہے نہ ہی نون لیگ کوئ نظریاتی جماعت ہے ایک طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے ان حواریوں کو نظریاتی نہیں کہا جا سکتا، ڈسکہ میں نون لیگ نہیں جیتی پی ٹی آئی ہاری ہے اور اس کی وجوہات ہیں جن کی طرف میں پارٹی کے اندرتوجہ دلاتا ہی رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں، ان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں ہے، بلاول اور مریم کو پاکستان کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ رسید کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی اس ملک کا مستقبل تحریک انصاف اورعمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔