کراچی، حب ریور روڈ کلیئر کرادیا گیا، 40 گرفتار

پولیس نے تحریک لبیک کے کارکنوں پر گیس گن اور تیس بور کا پستول چھیننے پر مقدمہ درج کرلیا،مقدمے میںرکن سندھ اسمبلی سمیت متعدد افراد نامزد

جمعرات 15 اپریل 2021 14:30

کراچی، حب ریور روڈ کلیئر کرادیا گیا، 40 گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون 4 نمبر میں حب ریور روڈ کوجمعرات کی صبح سویرے ایک بار پھر کلیئر کروادیا گیا ہے، جس کے بعد ٹریفک رواں دواں ہے،دوسری جانب پولیس نے تحریک لبیک کے کارکنوں پر گیس گن اور تیس بور کا پستول چھیننے پر مقدمہ درج کرلیا ہے،مقدمے میں مذہبی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی سمیت متعدد افراد نامزد کیئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بلدیہ ٹائون 4 نمبر حب ریور روڈ پر پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران 40 کے قریب افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔بلدیہ ٹائون نمبر 4 حب ریور روڈ پر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں بلدیہ ٹائون تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے آئی جی سندھ مشتاق مہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کویقینی بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز نے ذمے داریاں دلیری کے ساتھ انجام دیں۔آئی جی سندھ مشتاق مہر نے کہاکہ جوان اور افسران جان لیں کہ سیاسی اور عسکری قیادت آپ پر یکساں فخر کرتی ہے، سندھ پولیس پر فخر ہے۔دوسری جانب پولیس نے تحریک لبیک کے کارکنوں پر گیس گن اور تیس بور کا پستول چھیننے پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔بلدیہ ٹائون میں گزشتہ روز تحریک لبیک کے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے میں مذہبی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی سمیت متعدد افراد نامزد کیئے گئے ہیں، جس میں ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق مشتعل افراد نے چھیپا کے بوتھ کو آگ لگائی، پولیس اہلکار سے گیس گن اور تیس بور پستول چھینا۔ مقدمے میں نامزد مذہبی جماعت کے رکن کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔