کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو فنڈز دینے پر پابندی عائد

تنظیم کو خیرات، صدقات یا کسی قسم کی امداد دہشتگردوں کی مالی معاونت کے مترادف ہوگی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 16 اپریل 2021 13:07

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو  فنڈز دینے پر پابندی عائد
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اپریل 2021ء) :کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شمولیت کے بعد ٹی ایل پی کو فنڈز دینے پر پابندی ہوگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلی گئی ہے اور قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے ٹی ایل پی کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں 79 ویں نمبر پر شامل کیا ہے۔

نیکٹا کے مطابق کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شمولیت کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو فنڈز دینے پر پابندی ہوگی، اور اس تنظیم کو خیرات، صدقات یا کسی قسم کی امداد دہشتگردوں کی مالی معاونت کے مترادف ہوگی۔ نیکٹا نے تحریک لبیک پاکستان کے اثاثوں کے تعین کیلئے وزارت داخلہ کے چیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

گذشہ روز وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے اثاثے ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، وزارت داخلہ نے پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کالعدم جماعت کے اثاثوں کی تفصیلات سے حکومت کو آگاہ کیا جائے . ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے رات گئے ٹی ایل پی کے کئی اثاثہ جات کو فریزکردیا ہے اسی طرح پنجاب پولیس کی اسپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو کی رپورٹس کے مطابق کالعدم جماعت کے پاس بنکوں کے چند کھاتوں کے علاوہ اکاﺅنٹس کے ریکارڈ دستیاب نہیں ہیں اسی طرح آمدن اور اخراجات کا کوئی حساب دستیاب نہیں ہے. ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹی ایل پی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو جمع کروائی گئی اثاثہ جات اور اکاﺅنٹس کی تفصیلات اور دیگر حسابات جماعت کے پاس موجود اثاثہ جات سے مختلف ہیں لہذا فرانزک آڈٹ کے بعد الیکشن کمیشن ٹی ایل پی کے انتخابی نشان پر کامیاب ہونے والے اراکین پارلیمان کو نااہل قراردے سکتا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت کیش کی صورت میں چندہ جمع کرتی ہے اس لیے اس کے اکاﺅنٹس اور حسابات دستیاب نہیں ہیں . اسی طرح جماعت کے قائدین کے ذاتی اخراجات کیش کی صورت میں جمع ہونے والے چندے کے ذریعے ہی پورے کیئے جاتے رہے ہیں لہذا ان کے حسابات بھی دستیاب نہیں ہیں کالعدم جماعت کے ایک سابق عہدیدار کا کہنا ہے کہ ماضی میں جماعت کے اندر اختلافات بھی مالی امور کی بنا پر پیدا ہوئے تھے ادھر وزارت داخلہ ٹی ایل پی کی اتحادی جماعت سنی تحریک پر پابندی عائد کرنے پر بھی غور کررہی ہے .