ملک میں بارشوں کا آغاز کسانوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا

میدانی علاقوں میں گندم کی فصل کی کٹائی جاری، بے موسمی بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

muhammad ali محمد علی منگل 20 اپریل 2021 23:39

ملک میں بارشوں کا آغاز کسانوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2021ء) ملک میں بارشوں کا آغاز کسانوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا، میدانی علاقوں میں گندم کی فصل کی کٹائی جاری، بے موسمی بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کے بعد ملک کے کئی علاقوں خاص کر پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین موسمیات کی جانب سے ملک کے کئی علاقوں میں اگلے چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جبکہ ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے موسم ٹھنڈا ہو جانے سے گرمی کے ستائے عوام تو خوش ہو گئے، تاہم موسم کی اس کی موجودہ صورتحال نے کسانوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان دنوں پنجاب اور سندھ کے میدانوں علاقوں میں گندم کی فصل کی کٹائی کا عمل جاری ہے، ایسے میں بے موسمی بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ بے موسمی بارشوں اور آندھی کے باعث گندم ،مکئی اور چارہ کی فصلات متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے لہذٰا کاشتکار اپنی فصلات کی دیکھ بھال کے لئے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے موسمی پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش یا آندھی کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں اور کٹی ہوئی گندم کو ترپال یا شیٹ لے کر ڈھانپ دیں۔

بارش رکنے کے بعد گیلی گندم کو چبوترے پر ڈال کر دھوپ لگوائیں۔ امسال بارشیں معمول سے زیادہ ہوئی ہیں نیز درجہ حرارت بھی کم رہا ہے اس لئے کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں۔ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ اوپر کی طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور پانی کی نکاسی کے لئے اردگرد کھالی بنائیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔