کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 148 اموات ہوئیں

گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 5 ہزار 499 مزید کیسز سامنے آ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 21 اپریل 2021 10:35

کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 148 اموات ہوئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اپریل 2021ء) : پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 148 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے مزید 5 ہزار 499 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 600 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 72 ہزار 381 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 488 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 76 ہزار 535، سندھ میں 2 لاکھ 74 ہزار 196، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 8 ہزار 462، بلوچستان میں 21 ہزار 127، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 204، اسلام آباد میں 70 ہزار 984 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 ہزار 873 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں7 ہزار664افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار559، خیبر پختونخوا 2 ہزار953، اسلام آباد 649، گلگت بلتستان 104، بلوچستان میں 225 اور آزاد کشمیر میں 446 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔

جبکہ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں 60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 14 کروڑ35لاکھ 42ہزار سے زائد افراد متاثر اور 30 لاکھ 57 ہزار 541افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 12 کروڑ18لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پہلے پانچ کروڑ کیسز 356 دنوں میں رپورٹ ہوئے تھے جب کہ آخری پانچ کروڑ کیسز صرف 79 روز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ 24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020 کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی، 9 جنوری کو کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے۔