فلائی اوورز، سڑکوں کی ابتر صورتحال،سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت، کے ایم سی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے

جمعرات 22 اپریل 2021 15:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2021ء) فلائی اوورز اور سڑکوں کی ابتر صورتحال سے متعلق کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت، کے ایم سی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔جمعرات کودرخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ شہید ملت روڈ، شاہ فیصل کالونی، سوک سینٹر فلائی اوورز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

لیاقت آباد فلائی اوور، جناح برج ٹاور، قائد آباد فلائی اوورز بھی ابتر صورتحال ہے جبکہ نیپا چورنگی، یونیورسٹی روڈ پر بنے فلائی اوورز کی حالت بری ہو چکی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق مختلف سڑکوں پر بنے پلوں کے ایکس پنشن جوائنٹس بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ شہید ملت روڈ اور جام صادق فلائی اوورز پر کے ایم سی نے ایکس پنشن جوائنٹس کی تنصیب کی تھی مگر وہ بھی ٹوٹ چکے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہر بھر فلائی اوورز اور سڑکوں کی استر کاری کا حکم دیا جائے۔عدالت نے کے ایم سی، سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سڑکوں اور فلائی اوورز کی تعمیرات اور استر کاری سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔