حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان معاہدے پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ، فواد چوہدری

قرار داد پیش ہو چکی ہے اور ایم پی او میں گرفتار لوگ رہا کر دیےگئے، ملک میں احتجاج کا سلسلہ ختم ہو چکا ، مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی اپنی قرارداد لاناچاہیں تو یہ ان کا حق ہے حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ، وفاقی وزیر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 اپریل 2021 12:22

حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان معاہدے پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ‏نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان معاہدے پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قرار داد پیش ہو چکی ہے اور ایم پی او میں گرفتار لوگ رہا کر دیےگئے جب کہ اس ضمن میں ملک میں احتجاج کا سلسلہ ختم ہو چکا تاہم اس حوالے سے اگر مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی اپنی قرارداد لاناچاہیں تو یہ ان کا حق ہے، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ہٹنے کا امکان مسترد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے بیان دیا تھا کہ کچھ عرصہ بعد تحریک لبیک سے پابندی ہٹ جائے گی ،اسی متعلق جب وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی پر پابندی برقرار رہے گی ، فودا چوہدری نے کہا کہ اس متعلق کوئی کنفیوژن نہیں ہونی چاہیے ،اس بارے میں کسی کو کوئی کنفیوژن نہیں رہنی چاہیے ،تحریک لبیک قانونی تقاضے استعمال کر سکتی ہیں ،وہ عدالتوں میں اور کمیٹی کے سامنے خود کو پیش کریں گےلیکن فی الحال تک وہ ایک کالعدم جماعت ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روزپاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ختم ہونے کا اشارہ دیا تھا ، وزیر مملکت علی محمد خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حکومت کسی کے دباؤ میں نہیں آئی اور ریاست کو کوئی بھی شخص اس طرح کے حالات سے دوچار نہیں کر سکتا ،اللہ کا شکر ہے کہ حکومت نے صورتحال پر قابو پایا ،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جو وعدے کیے گئے ہیں اس پر مجھے یقین ہے اور اس پر آج مہر تصدیق بھی ثبت ہوگئی ہے ،علی محمد خان نے کہا کہ ضروری معاملات کی انجام دہی کے بعد اس میں کچھ وقت لگے گا لیکن بالآخر ٹی ایل پی پر سے پابندی ختم ہوجائے گی جن افراد پر سنگین مقدمات نہیں ہیں انہیں فوری رہا کر دیا جائے گا لیکن جن پر سنگین الزامات ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی ،مظاہرہ کرنے والے حکومت کے خلاف نہیں تھے ،علی محمد خان نے کہا کہ سعد رضوی اور تحریک لبیک پر پابندی ریورس ہو جائے گی ، وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی یہ بات آج ایک میٹنگ میں کہہ دی ہے۔