صوبوں کو ان بلاکس میں مشترکہ مالک نہ بنا کر وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، رضا ربانی

صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر بلاکس دینے کا وفاقی حکومت کا اقدام قابل مذمت ہے، سابق چیئر مین سینٹ

ہفتہ 24 اپریل 2021 23:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2021ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ صوبوں کو ان بلاکس میں مشترکہ مالک نہ بنا کر وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ تیل اور گیس صوبوں اور وفاقی کے مشترکہ ملکیت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان بلاکس میں مشترکہ مالک نہ بنا کر وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر تیل و گیس کی تلاش کے 6 بلاکس کمپنیوں کو دئیے۔اٴْنہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت چیئرمین سینیٹ کی رولنگ کے باوجود صوبوں کو شریک مالک نہیں بنارہی ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کے یہ6 بلاکس سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی نمائندگی کے بغیر دئیے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر بلاکس دینے کا وفاقی حکومت کا اقدام قابل مذمت ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی پر عمل نہ کرکے صوبوں کو ان کے حقوق سے محروم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ ایک ایسے این ایف سی ایوراڈ کے تحت دیا جائے گا جو 11 سال پرانا ہے۔