اسلام آباد، چوروں ڈکیتوں نے اسلام آباد پولیس کو تگنی کا ناچ نچانا شروع کر دیا

روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو لاکھوں کی پھکی ً چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈکیتی کی پانچ اور چوری کی سات مزید وارداتیں ریکارڈ ،وفاقی پولیس ناکام ہوگئی

پیر 3 مئی 2021 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2021ء) وفاقی دارلحکومت میں چوروں ڈکیتوں نے اسلام آباد پولیس کو تگنی کا ناچ نچانا شروع کر دیا،شہریوں کے ساتھ وارداتوں میں تیزی ،روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو لاکھوں کی پھکی دی جانے لگی جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈکیتی کی پانچ اور چوری کی سات مزید وارداتیں ریکارڈ ،وفاقی پولیس ناکام ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ نون کے علاقے سے شادی شدہ تیس سالہ خاتون کو اغواء کر لیا گیا،تھانہ ترنول کے علاقے میں مسلح ڈاکو شہری سے موبائل فون و پچیس ہزار چھین کر فرار ہوگئے ،تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں فرنیچر کی دکان پر ڈیڑھ لاکھ روپے مالیتی نقدی و سامان کی مسلح ڈکیتی ہوئی ،تھانہ گولڑہ کے علاقے میں مسلح ڈاکو شہری سے موبائل فون و نقدی دس ہزار چھین کر فرار ہوگئے ،تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں ڈاکو شہری سے ایک لاکھ پچیس ہزار ،تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں ڈاکو شہری سے دو لاکھ تیس ہزار روپے مالیتی موبائل فون چھین اورتھانہ بھارہ کہو،رمنا ،کراچی کمپنی اور مارگلہ کے علاقوں سے نامعلوم چور چار موٹر سائیکل لے اڑے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق تھانہ آبپارہ کے علاقے میں چوروں نے ایک گھر کے تالے توڑ کر دو لاکھ روپے مالیتی زیورات چوری کر لئے،تھانہ شالیمار کے علاقے میں نامعلوم چوروں نے ایک گھر کا صفایا کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے مالیتی زیورات و سامان چوری کیا،تھانہ کوہسار کی حدود سے نامعلوم چور خاتون کا یاک لاکھ اسی ہزار روپے مالیتی موبائل فون لے اڑا،نامعلوم ڈکیتوں اور چوروں نے شہر اقدار میں انت مچا دی وفاقی پولیس خاموش تماشائی بن گئی،پریشانی میں مبتلا شہریوں کی وزیر داخلہ سے نوٹس لینے کی اپیل کی اوروفاقی پولیس کے نکھٹو افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔