پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میٹھی عید سے قبل مٹھائی کے کارخانوں کی چیکنگ

ٰناقص انتظامات پر263 کو بھاری جرمانے،معمولی نقائص پر459 یونٹس کومزید بہتری کیلئے اصلاحی نوٹسز جاری

بدھ 5 مئی 2021 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2021ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے میٹھی عید سے قبل مٹھائی کے کارخانوں کی چیکنگ شروع کردی ،صوبہ بھر میں 1755 سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ، ناقص انتظامات پر263 کو بھاری جرمانے،معمولی نقائص پر459 یونٹس کومزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری ،2ہزار 578 گندے انڈے، 1430 لٹر مشروبات، 645 لٹر گندہ آئل، 200 من ناقص مٹھائی، 100، بھاری مقدار میں کھلے رنگ تلف،لاہور زون میں 601، راولپنڈی 595،ملتان 360 اورمظفر گڑھ زون میں 199پروڈکشن یونٹس کو چیک کیا گیا۔

ٹیکسٹائل رنگوں، سکرین، مصنوئی فلیورزاور کیمیکلز کے استعمال پر یونٹس کو جرمانے عائد کیے گئے۔ناقص سٹوریج، ٹوٹے گندے فریزر، کھلے کوڑا دان، ورکرز کی صفائی نہ ہونے پر کاروائی کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کا کہنا ہے کہ ناقص صفائی، استعمال شدہ تیل اورنیلے ڈرموں کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی کٹ کا عدم استعمال، زنگ آلود برتنوں اورحشرات بھی پائے گئے۔

خوشی کے ہر موقع پر مٹھائی کا استعمال ہماری روایت کا حصہ ہے۔مخصوص مواقعوں پر خاص اشیا خورونوش کی اضافی طلب کے باوجود معیار کو قائم رکھنا لازم ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام تک معیاری اشیا خورو نوش پہنچانا اولین ترجیح ہے۔پنجاب میں صرف حفظان صحت اصولوں کے مطابق خوراک کا کاروبار کیا جا سکتا ہے۔