وفاقی اور پنجاب حکومت تاجر دوست پالیسیوں کی بجائے تاجر دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے،انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ

سرکاری اداروں میں دس سے پندرہ تاریخ تک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن ،کاروبار کو سترہ تاریخ تک لاک ڈائون کرنا معیشت کو تباہی کی طرف لے جانے کے مترادف ہے

جمعرات 6 مئی 2021 23:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) وفاقی اور پنجاب حکومت تاجر دوست پالیسیوں کی بجائے تاجر دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے سرکاری اداروں میں دس سے پندرہ تاریخ تک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن اور کاروبار کو آٹھ سے سترہ تاریخ تک لاک ڈائون کرنا معیشت کو تباہی کی طرف لے جانے کے مترادف ہے ، سپریم کورٹ تاجروں کے معاشی قتل کا نوٹس لے اور کاروبار چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کا حکم دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ حماد قریشی ، صدر راجہ توحید احمد اور جنرل سیکرٹری ساجد قریشی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ریاست کے ستون اس دوہرے معیار کو ختم کریں اور کاروبار کو چاند رات تک اجازت دی جائے تاکہ تاجر برادری اپنے اس اور پچھلے سال کے نقصانات پورے کریں ، ٹرانسپورٹ تک کو بند کیا جا رہا ہے ،مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام پہلے ہی ڈپریشن اور بیماریوں کا شکار ہیں اور حکومت نااہل مشیروں وزیروں کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے تاجر دشمن پالیسیوں پر عمل کر رہی ھے ان سے جان چھڑائیں اور تاجروں کو ریلیف دے۔