وزیراعظم اہم دورے پر سعودی عرب گئے ہیں جہاں سے پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی،فردوس عاشق اعوان

شہباز شریف بیرون ملک پرفضا مقامات کی سیر کیلئے ایڑھی رگڑ رہے ہیں، عدالتی سندیسہ آیا ہے تو لائحہ عمل طے کریں گے، معاون خصوصی

جمعہ 7 مئی 2021 21:38

وزیراعظم اہم دورے پر سعودی عرب گئے ہیں جہاں سے پاک سعودی تعلقات کے حوالے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) مشیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اہم دورے پر سعودی عرب گئے ہیں جہاں سے پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی،شہباز شریف بیرون ملک پرفضا مقامات کی سیر کیلئے ایڑھی رگڑ رہے ہیں، عدالتی سندیسہ آیا ہے تو لائحہ عمل طے کریں گے۔ جمعہ کو مشیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے راولپنڈی میں رمضان سستا بازار حیدری چوک کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اہم دورے پر آج سعودی عرب گئے ہیں جہاں پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کا سچے اور پکے عاشق رسول کا روپ ہوگا۔سعودی عرب میں انہیں جو عزت ملے گی وہ پوری قوم کی عزت ہوگی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہاکہ شہباز شریف کو پاکستان کی گرمی ستا رہی ہے وہ بیرون ملک پرفضا مقامات کیلئے ایڑھی رگڑ رہے ہیں،جب ہمارے پاس کوئی عدالتی سندیسہ آئے گا تو لائحہ عمل طے کریں گے۔ مرغی کی فی کلو قیمت میں مسلسل اضافے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ایف آئی اے کی مدد سے پولٹری سمیت آئل گھی و دیگر اشیائے ضروریہ کی صنعت کو دیکھیں گے ،مافیا کا گٹھ جوڑ توڑیں گے ،یہ رمضان بازار بھی اسی مقصد کیلئے لگائے گئے ہیں،کورونا کے باعث اس بار عید پر روایتی گہما گہمی نہیں ہوگی ،اس تعطل سے حکومت خوش نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے اثرات سمارٹ فون سے زائل کریں گے،وزیراعظم کو بتایا کہ سبسڈی دے کر بھی برا سن رہے ہیں، ہمیں سیاسی جماعتوں کا نہیں مہنگائی کا چیلنج ہے، انتظامیہ اور عوامی عہدے دار عید نہیں کریں گے،حکومت شہریوں سے صرف اپیل کر سکتی ہے یا ڈنڈا لہرا کر دکھا سکتی ہے کہ باز آجائیں،حکومت کے راستہ میں رکاوٹ ذخیرہ اندوز ہیں حکومت ان مافیاز کا بیوروکریسی کی مدد سے خاتمہ کر رہی ہے،سیالکوٹ میں میرے رویہ پر سخت ری ایکشن تھا وہاں خواتین چینی کیلئے فریاد کر رہی تھیں یہ سب کچھ حکومتی ترجیحات کی کمی ہے میرے غصہ سے اگر بہتری آئے تو یہ قابل قبول ہے،کہیں عید کے اجتماعات نہیں ہونگے نہ جھپیاں ہونگی اور نہ پپیاں ہونگی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائیگا۔