مسجداقصی میں اسرائیلی پولیس کا فلسطینیوں پر تشدد،امریکا کاکشیدگی کے خاتمے پرزور

رمضان کے آخری ایام میں اس طرح کی خون ریزی بہت ہی پریشان کن ہے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

اتوار 9 مئی 2021 12:10

مسجداقصی میں اسرائیلی پولیس کا فلسطینیوں پر تشدد،امریکا کاکشیدگی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) امریکا نے اسرائیل کے مقبوضہ مشرقی القدس میں واقع مسجد اقصی میں فلسطینیوں پر صہیونی پولیس کی فائرنگ کے واقعات کے بعد کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر زوردیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ فلسطینی خاندانوں کی ان کے مکانوں سے بزور طاقت بے دخلی سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈپرائس نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کو یروشلم میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش لاحق ہے۔

اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تشدد کا کوئی بھی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا لیکن رمضان کے آخری ایام میں اس طرح کی خون ریزی بہت ہی پریشان کن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیلی اور فلسطینی حکام پر کشیدگی اور تشدد کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن انداز میں اقدام کرنے پر زوردے رہا ہے۔ترجمان نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے صورت حال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہو۔انھوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی یروشلیم سے لوگوں کو زبردستی گھروں سے نکالنے ، یہود آبادکاری کی سرگرمی ، مکانوں کی مسماری اوردہشت گردی کی کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔