سرونگ سکولز الائنز کا24 مئی سے تعلیمی ادارے کھولنے ،یکساں قومی نصاب کی پرنٹنگ کیلئے تمام پبلشرز کو این او سی جاری کرنے کا مطالبہ

پیر 17 مئی 2021 14:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2021ء) سرونگ سکولز الائنز پاکستان نے حکومت سے 24 مئی سے تعلیمی ادارے کھولنے کے ساتھ ساتھ یکساں قومی نصاب کی پرنٹنگ کیلئے تمام پبلشرز کو این او سی جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاک عرب سوسائٹی میں سرونگ سکولز الائنز پاکستان کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سرونگ سکولز الائنز پاکستان نے حکومت سے یکساں قومی نصاب کے حوالے سے تمام پبلشرز کو این او سی جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اجلاس میں چیئرمین قاضی نعیم انجم،صدر میاں رضا الرحمن ،جنرل سیکرٹری جاوید نور تامبڑا اور احمد سعید الحسن نے خصوصی شرکت کی۔چیئرمین قاضی نعیم انجم نے کہاکہ حکومت 24 مئی سے پچاس فیصد پالیسی کے تحت بچوں کو چھ روز بلوانے کی اجازت دے، پرائیویٹ سکولز نے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پبلشرز کے کتابیں پرنٹ کرنے سے نیا نصاب مارکیٹ میں جلددستیاب ہوگا۔

صدر میاں رضا الرحمن کا کہنا تھا کہ سنگل نیشنل کریکولم یکم اگست سے پہلے مارکیٹ میں لایا جائے۔جنرل سیکرٹری جاوید نور تامبڑا نے کہاکہ جن اضلاع میں کورونا کیسسز کی تعداد 2 فیصد سے کم ہے وہاں سکولز کو فی الفور کھولنے کی اجازت دی جائے۔ اجلاس میں خالد حیات کموکا اور صداقت حسین لودھی، سردار آصف، پروفیسر عتیق، جوہری عرفان، عاصم رفیق اور شیخ زبیر سعید،احمد سعید الحسن اور مہر عاشق سمیت دیگر نے شرکت کی۔