Live Updates

شہباز شریف کی فیملی نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے

شہباز شریف نے نواز شریف کو منانے لندن جانا تھا ، لیکن ایسا نہیں ہو سکا سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 مئی 2021 15:14

شہباز شریف کی فیملی نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2021ء) : سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ مریم نواز ہیں، مریم نواز شہباز شریف کے سیاسی مستقبل کے لیے خطرہ ہیں۔ شیخوپورہ میں مریم نواز نے جو بھی کہا وہ سو فیصد شہباز شریف پر حملہ تھا اور شہباز شریف اسی سلسلے میں اپنے بھائی نواز شریف کے پاس جا رہے تھے ۔

انہوں نے وہاں جا کر اپنے بڑے بھائی نواز شریف کو اس بات پر قائل کرنا تھا کہ ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے ناراضگی نہیں لینی ، آپ میرے بڑے بھائی ہیں میرے باپ کی جگہ پر ہیں، میں آپ کے خلاف نہیں جا سکتا۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اگر شہباز شریف کی بات نواز شریف مان جاتے تو پھر انہوں نے واپس آ کر بھرپور سیاست کرنی تھی بصورت دیگر انہوں نے واپس آنا ہی نہیں تھا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے خاندان میں یہ فیصلہ ہو گیا تھا کہ اس طرح نہیں ہو سکتا کہ ہم طاقتور حلقوں سے معاملات سیٹ کریں اور معاملات ٹھیک کریں اور مریم نواز اُس پر پانی پھیر دیں۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر نواز شریف شہباز شریف کی بات نہ مانے تو وہ نہ ہی واپس آئیں گے اور نہ ہی سیاست کریں گے۔ عارف حمید بھٹی نے بتایا کہ شیخوپورہ میں مریم نواز نے جو تقریر کی وہ پرویز رشید نے لکھی اور مریم نواز کو کہا گیا تھا کہ اگر آپ نے ایسا رویہ نہ اپنایا تو آئندہ الیکشن میں آپ انتخاب نہیں لڑ سکیں گی، نہ ہی آپ کے والد انتخابات میں حصہ لے سکیں گے اور اس طرح آپ کا سیاسی کیرئیر بالکل ختم ہو جائے گا۔

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ مریم نواز شریف نے تقریر میں جاوید ہاشمی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات