دنیا کچھ بھی کہے ہم تمہارے ساتھ ہیں،تمہیں دفاع کا پورا حق ہے

امریکی صدر نے غزہ پر حملوں پر اسرائیلی دہشت گردی کی حمایت کر دی

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 19 مئی 2021 08:19

دنیا کچھ بھی کہے ہم تمہارے ساتھ ہیں،تمہیں دفاع کا پورا حق ہے
واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 مئی 2021ء )  غزہ پر حملوں کے معاملے پر امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے حامی نکلے، صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے۔دنیا کچھ بھی کہے ہم تمھارے ساتھ ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن کو فلسطین کے ہر گھر سے اٹھنے والے جنازے اور چیخ و پکار سنائی نہ دی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کہا کہ اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے۔ وائٹ ہاوس کے مطابق امریکی صدر نے جنگ بندی پر بھی زور دیا ہے۔وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں صدر بائیڈن کے جنگ بندی پر اظہار خیال پر اسرائیلی وزیر اعظم کے جواب کے متعلق کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم امریکی سینیٹرز نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں امریکی سینیٹ کے 28 اراکین نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سینیٹرز نے کہا ہے اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں مزید ہلاکتوں کی روک تھام کیلئے فوری جنگ بندی کی جائے۔ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور امریکی صدر کے بیان پر خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے سیز فائر کی حمایت میں تاخیر سے جانوں کا ضیاع ہوا۔اسرائیلی وزیراعظم نے حمایت کرنے پر امریکا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا اور جرمنی سمیت 25 ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ان ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات ہیں اور وہ حماس کو عسکریت پسند تنظیم قرار دیتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو اپنے دفاع کا حق قرار دیتے ہیں۔ اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے جبکہ ہزاروں کی تعدا دمیں خاندان بے گھر ہیں۔غزہ میں غذائی قلت پیدا ہو چکی اور بجلی کا نظام بھی متاثر ہو چکاہے جبکہ اسرائیل نے میڈیا اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں پر بھی بم برسانے شروع کر دیے ہیں۔