ملک میں پانی کا ذخیرہ 7 سے 8 روز کا رہ گیا

پانی کی دستیابی کا انحصار برف پگھلنے پر ہے۔ ارسا نے خبردار کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 مئی 2021 14:35

ملک میں پانی کا ذخیرہ 7 سے 8 روز کا رہ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مئی 2021ء) : ملک میں پانی کے ذخیرے سے متعلق ارسا نے خبردار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے ترجمان خالد رانا کے مطابق ملک بھر کے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 7 سے 8 روز کا رہ گیا ہے۔ پانی کی دستیابی سے متعلق صورتحال 3 سے چار روز میں واضح ہو گی تاہم یہ بتانا قبل از وقت ہو گا کہ ملک میں فصل خریف کو پانی کی کتنی قلت آ سکتی ہے۔

خالد رانا کا کہنا ہے کہ ڈیموں میں 10 لاکھ ایکڑ فٹ سے زیادہ پانی موجود ہے جو سات سے آٹھ روز کے لیے کافی ہے۔ پانی کی دستیابی کا انحصار برف پگھلنے پر ہے جبکہ اسکردو میں درجہ حرارت میں تبدیلیاں آرہی ہیں، اسکردو میں درجہ حرارت 10.6 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو گزشتہ سال ان دنوں میں 15 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

(جاری ہے)

ارسا کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے بعد مسلم لیگ ق کے سینئیر رہنما مونس الٰہی نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی تشویش ناک اطلاع ہے کہ ملک بھر کے ڈیموں میں صرف 7 سے 8 دن کا پانی باقی رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی اندھی تقلید میں کالا باغ ڈیم پر تنقید کرنے والو اب تو آنکھیں کھولو۔ اپنا نہیں تو اپنی آنے والی نسلوں کا سوچو۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا نعرہ بھی لگایا اور کہا کہ کالا باغ ڈیم بناؤ ملک بچاؤ!
ایک طرف ملک میں سات سے آٹھ روز کے لیے پانی کا ذخیرہ رہ گیا ہے جبکہ دوسری جانب بھارت نے بھی آبی دہشتگردی بھی شروع کر رکھی ہے۔

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے دریائے چناب کا پانی روک لیا ہے جس کی وجہ سے 55 ہزار کیوسک کی بجائے پانی کم ہوکر 26 ہزار 854 کیوسک ہوگیا ہے ۔ بھارت کی جانب سے پانی روکے جانے پر دریائے چناب کا 97 فیصد سے زائد حصہ خشک ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے دو نہروں اپر چناب میں پانی کا بہائو کم ہوکر 7 ہزار 600 کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک میں پانی کا بہا بارہ ہزار پانچ سو کیوسک ہوگیا ہے۔