چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی کے رکن بن گئے

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 26 مئی 2021 16:18

چوہدری نثار علی خان  پنجاب اسمبلی کے رکن بن گئے
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مئی 2021ء ) آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی کے رکن بن گئے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بطور رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھا لیا۔ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے چوہدری نثار سے حلف لیا۔گذشتہ روز پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے چوہدری نثار کو حلف اٹھانے کی اجازت دی۔چوہدری نثار نے آزاد امیدوار کے طور پر 2018 کے الیکشن لڑے تاہم وہ قومی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن ہار گئے تھے اورصوبائی اسمبلی کی سیٹ کا الیکشن جیت گئے تھے۔

یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ ن کی پالیسی ساز رہنماؤں کی صف میں ہوتا تھا لیکن پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہیں الیکشن میں بھی شدید نقصان اُٹھانا پڑا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست سے کامیابی ان کا مقدر نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

چودھری نثار کے نواز شریف سے اختلافات بھی ان کے مزاحمتی بیانیے کی وجہ سے ہوئے تھے۔ چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔

چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں نہ تو حلف اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے پولنگ کے عمل میں شامل ہوئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپنے ایک بیان میں سینئیر سیاستدان چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کا بانی کارکن ہوں جسے نواز شریف نے سائیڈ پر لگا دیا جبکہ کچھ دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھانا تھوک کرچاٹنے کے مترادف ہے۔