محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے موسم گرما کی تعطیلات 1 ماہ کرنے کی تجویز دیدی

بدھ 26 مئی 2021 16:59

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2021ء) محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے موسم گرما کی تعطیلات 1 ماہ کرنے کی تجویز دے دی ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تجویز دی ہے کہ اگلے ماہ جون میں طلبہ کی کلاسز کھلی رکھی جائیں اور سالانہ امتحانات منعقد کیے جائیں۔ پنجاب کے اسکولوں میں اگست سے نئے سیشن کا آغاز کیا جائے۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں بھی موسم گرما کی تعطیلات محدود کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حتمی فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں ہوگا۔واضح رہیکہ این سی او سی نے کرونا کے 5 فیصد سے کم والے علاقوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ 5 فیصد سے زائد کیسز رکھنے والے علاقوں کے حوالے سے فیصلہ 3 جون کو کیا جائے گا۔اس وقت پنجاب کے جن اضلاع میںاسکول بند ہیں ان میں لاہور، راول پنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اٹک، لیہ، اوکاڑہ،بہاولپور، لودھراں،رحیم یارخان، بھکر، خانیوال ،میانوالی میں بھی سکول بند ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان،خوشاب،ملتان میں بھی تعلیمی ادارے بند ہیں ۔