قومی احتساب بیورو نے پشاور میڈیا کالونی کو بجلی کی ترسیل میں تاخیر کا نوٹس لے لیا،،ابتدائی تحقیقات کا آغاز

جمعہ 11 جون 2021 00:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) قومی احتساب بیورو نے پشاور میڈیا کالونی کو بجلی کی ترسیل میں تاخیر اور رہائشی منصوبے میں مبینہ چوری کے سامان کی تنصیب سے متعلق کیس کا نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر لیا ہے۔قومی احتساب بیورو پشاور ریجن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بیورو نے پشاور میڈیا کالونی میں بجلی کی ترسیل سے متعلق منصوبے میں تاخیر اور اور مبینہ چوری کے آلات کی تنصیب میں متعلقہ کمپنی ایس اے کنسٹرکشن، ٹھیکیدار، و ڈائریکٹر مجاہد، پشاور الیکٹرک کمپنی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکام سے تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق پشاور کے ضحافیوں کی رہائشی کالونی میں بجلی کی ترسیل و تنصیب کے دوران ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی کا چوری شدہ سامان نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اوراس پورے عمل میں ٹھیکیدار کے ساتھ پیسکو اور ٹیسکو کے حکام بھی مبینہ ملوث ہیں۔ پشاور میڈیا کالونی پلاٹ الاٹیز کے مطابق 2007 میں شروع کیا گیا منصوبہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ویران ہے۔

مکانات تعمیر کرنے کے خواہشمند صحافی الاٹیز پانی، بجلی و گیس سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث چھت کی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔کالونی میں پلاٹوں کے حامل پشاور پریس کلب کے ممبران کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار مقررہ تاریخ تک بجلی کی ترسیل میں ناکام ہوا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کی بجائے ٹھیکیدار نے پی ڈی اے کے خلاف سول سوٹ فائل کرکے حکم امتناعی حاصل کر لیا ہے جس کی وجہ سے کالونی کو بجلی کی فراہمی مزید تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔