این سی او سی کا موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بنانے کا فیصلہ

آزاد کشمیر میں الیکشن کی وجہ سے ویکسی نیشن کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے سیزن کی وجہ سے ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائی جائے گا، حکومت نے بڑے ویکسی نیشن سینٹر اور موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بنائے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 11 جون 2021 15:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جون2021ء ) عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگانے کا عمل تیز کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے بڑے ویکسی نیشن سینٹر اور موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کہتے ہیں کہ حکومت بڑے ویکسی نیشن سینٹر اور موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بنائے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے اجلاس میں آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں ویکسی نیشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، آزاد کشمیر میں الیکشن کی وجہ سے ویکسی نیشن کو تیزکرنا ضروری ہے جب کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے سیزن کی وجہ سے ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

 
علاوہ ازیں گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہی کورونا ویکسین لگوانے کی سہولت دیتے ہوئے ملکی تاریخ کے پہلے ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر کو فعال کردیا گیا ہے ، صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قذافی کرکٹ سٹیڈیم میں ملک کے پہلا ڈرائیو تھرو کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا آغاز کیا گیا ہے ، جہاں سے شہری اپنی گاڑی میں بیٹھے ہی کورونا وباء سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگوا سکتے ہیں ، جس کے لیے ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر رات 8 بجے سے 2 بجے تک فعال رہے گا۔

بتایا گیا ہے کہ ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر کو لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ہے ، ڈرائیوتھر و ویکسی نیشن سینٹر کا مقصد شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنا ہے ، جس کے ذریعے لاہور کو کورونا فری بنایا جائے گا۔