موٹروے پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم گرفتار کر لیا

ہفتہ 12 جون 2021 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) موٹروے پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق گاڑی نمبرV-5714 جو کہ بذریعہ موٹروے پشاور سے لاہور کی جانب جا رہی تھی بلکسر کے قریب موٹروے پولیس نے اسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے بجائے گاڑی روکنے کے بھگادی۔

اس مشکوک حرکت کو بھانپتے ہوئے موٹروے پولیس کی جانب سے اس کا تعاقب کیا گیا لیکن مسلسل کاوشوں کے باوجود ڈرائیور مشکوک اور انتہائی خطرناک انداز سے گاڑی بھگاتا رہا جو کہ سڑک پر موجود دیگر ٹریفک کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔ اس سنگین معاملے کی اطلاع سیکٹر کمانڈر کو بھی دی گئی، جنہوں نے مضبوط حکمت عملی تیار کی اور سڑک پر موجود دیگر ٹریفک کا خیال رکھتے ہوئے تیار کردہ منصوبے کے مطابق مذکورہ گاڑی کو کلر کہار کے قریب روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

گاڑی رکتے ہی ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیاگیا۔ بعدازاں گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی سے 8 کلو گرام اعلی کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی جس کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ ملزم ظہور احمد ظفر سکنہ مردان کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس تمام کاروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے ساری ٹیم کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ موٹروے پولیس اسی طرح عوام کی خدمت اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گی۔