شعبہ صحت کے لیے 317 ارب روپے کا بجٹ مختص، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 78 ارب روپے مختص کر دیے گئے، سیکرٹری صحت

پیر 14 جون 2021 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2021ء) حکومت پنجاب نے مالی سال 2021-22میں محکمہ صحت کے لیے 370 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، محکمہ صحت کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 96 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 182 فیصد زیادہ ہیں۔یہ بات پیر کے روز سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نبیل احمد اعوان نے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے لئے اگلے مالی سال میں 78 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اگلے ترقیاتی پروگرام میں پانچ اضلاع راجن پور، لیہ، اٹک، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کا قیام شامل ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومت کے مالی اشتراک سے شروع کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نبیل احمد اعوان نے کہا کہ اگلے ترقیاتی پروگرام میں چلڈرن ہسپتال لاہور میں پیڈ برن سنٹر اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل جنرل ہسپتال لاہور کا قیام بھی شامل ہے جن کی تعمیر بجٹ کی فراہمی کے بعد فوری شروع کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں گوجرانوالہ، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی، نشتر ہسپتال فیز-ٹو ملتان، رحیم یار خان ہسپتال، مدر اینڈ چائلڈ بلاک گنگا رام ہسپتال لاہور، اپگریڈیشن آف ریڈیالوجی یونٹ سروسز ہسپتال لاہور، ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور اپ گریڈیشن آف بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور شامل ہیں جن کی جلد تکمیل کیلئے خاطرخواہ فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی دوراندیش قیادت میں شعبہ صحت کے لیے سب سے بڑا پروگرام 80 ارب کے فنڈ سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس شروع کیا ہے، اس پروگرام کے تحت پنجاب کے شہریوں کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کارڈ کے ذریعے ہر شخص صوبے کے کسی بھی سرکاری اور منظور شدہ پرائیویٹ ہسپتالوں سے علاج کروا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے 31 دسمبر 2021 تک پنجاب کی 11 کروڑ آبادی کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کر دی جائے گی جس کا آغاز ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژنوں سے کیا جا چکا ہے۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کا انقلاب آفرین پروگرام صوبے میں ہیلتھ کیئر سسٹم کے قیام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔