سعودیہ میں چند روزقبل آنے والے غیر ملکیوں کوسنگین خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا

الجوف شہر میں مقیم 8 افراد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزام میں پکڑا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جون 2021 15:50

سعودیہ میں چند روزقبل آنے والے غیر ملکیوں کوسنگین خلاف ورزی پر گرفتار ..
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون2021ء) سعودیہ میں چند روز قبل آنے والے 8غیر ملکیوں کوہاؤس آئسولیشن اور قرنطینہ کی پابندی نہ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق الجوف شہر میں 8 افراد کو کوروناقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ افراد بیرون ملک سے سعودیہ آئے تھے ، مگر انہوں نے ابتدائی دنوں میں ہاؤس آئسولیشن اختیار نہیں کی تھی اور ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر افراد کے ساتھ مقیم تھے۔

جبکہ کچھ افراد ایسے تھے جن کا کورونا وائرس کاٹیسٹ مثبت آیا تھا اس کے باوجود انہوں نے قرنطینہ اختیار نہیں کیا تھا جو کہ ایک انتہائی خوفناک خلاف ورزی تھی جس سے دیگر افراد کے بھی کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان افراد کو گرفتار کرنے کے بعد عنقریب ان پر مقدمات چلا کر سزائیں دی جائیں گی۔ جن میں بھاری جرمانے بھی شامل ہوں گے جبکہ غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ریاض میں بیرون ملک سے آنے والے سینکڑوں سعودی اور غیر ملکی باشندوں کو ہاؤ س آئسولیشن اور قرنطینہ کی پابندی نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ مملکت میں پہنچنے والے 169 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ وہ قرنطینہ میں رہیں۔

تاہم ان افراد نے ہاؤس آئسولیشن اور کورونا سے متعلق ضوابط کی پابندی نہیں کی، جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے جوانہیں جلد عدالت میں پیش کر کے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ چلوائے گی۔ ملزمان کو عدالت سے قید کی سزا کے علاوہ بھاری جرمانہ بھی عائد ہوگا۔ان افراد میں سے غیر ملکیوں کو قید اور جرمانے کے علاوہ مملکت سے ڈی پورٹ کرنے کی سزا بھی دی جائے گی اور انہیں بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا جس کے بعد یہ افراد کبھی سعودی عرب نہیں آ سکیں گے۔

سعودی قانون کے مطابق ان ملزمان کو 2 سال قید یا 2 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ جبکہ بعض صورتوں میں دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جا سکتی ہیں۔ شہریوں اور غیر ملکیوں کو متنبہ کیاگیا ہے کہ مقررہ صحت ضوابط کے تحت کورونا متاثرہ شخص کو قرنطینہ یا آئسولیشن کی خلاف ورزی پرسخت سے سخت سزا دی جائے گی۔وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیرپرسختی سے عمل کرنے کی ہر ایک کو ہدایت کی جاتی ہے۔

ایسے افراد جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے انہیں دوہفتے کیلیے خود کو گھروں کی حد تک محدود رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔کورونا متاثرہ افراد جنہیں قرنطینہ میں یاآئسولیٹ کیا گیا ہو ، ان کی مسلسل نگرانی کیلیے انہیں ڈیجیٹل کڑا بھی فراہم کیاجاتا ہے جبکہ وزارت کی تیارکردہ ایپ ’تباعد‘ اور ’صحتی‘ کے ذریعے بھی ایسے مریضوں کی نقل وحرکت کو مانیٹرکیاجاتا ہے۔

متاثرہ افراد اگرعوامی مقام پرجاتے ہیں تو انکے بارے میں فوری طورپر ڈیجیٹل کڑا یا ’ایپ ‘ کنٹرول روم کو مطلع کردیتی ہے جہاں سے مذکورہ شخص کو انتباہ جاری کیاجاتا ہے اگروہ اس دوران اپنے آئسولیشن کے مقام پر واپس نہیں لوٹتا تو فوری طورپرقریبی پولیس موبائل کو اسکے بارے میں اطلاع فراہم کردی جاتی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاواور اس کے پھیلاو کو روکنے کیلیے مختلف قسم کے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔