کراچی، حافظ نعیم الرحمن کا وفاتی بجٹ کے فوراً بعدپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں2.13روپے کے اضافے پر تشویش کا اظہار

بدھ 16 جون 2021 23:00

m کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2021ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے وفاتی بجٹ کے فوراً بعدپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں2.13روپے کے اضافے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ، اسے عوام دشمن اقدام قراردیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے نہ صرف یہ کہ بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا بلکہ بجٹ کے فوراً بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے ۔

حکومت کا یہ فیصلہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بنے گا ۔ اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل و مشکلات حل کرنے کے بجائے مسلسل اضافہ کررہی ہے ،عوام پہلے ہی آٹا ، چینی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہو ش ربا اضافے سے پریشان ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت آٹا اور چینی مافیاز کے خلاف بھی کوئی قرار واقعی کارروائی نہ کر سکی اور نہ ان کی قیمتیں کم کرا سکی ۔

مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں تھا،بلا جواز اضافہ حکومت کی عوام دشمن پالیسوں کا تسلسل اور اس کی ناکامی،بد انتظامی اور نا اہلی کا ثبوت ہے۔حکومت اپنی نااہلی کی سزا عوام کو دے رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیا جائے، قیمتوں میں کمی کی جائے اور ان پرعائد ٹیکس کم کیے جائیں اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کیے جائیں