کورونا ویکسین کی کمی کے باعث کراچی کے بیشتر ویکسی نیشن سینٹرز بند

جمعہ 18 جون 2021 15:53

کورونا ویکسین کی کمی کے باعث کراچی کے بیشتر ویکسی نیشن سینٹرز بند
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) کورونا ویکسین کی کمی کے باعث کراچی کے بیشتر ویکسی نیشن سینٹرز بند کردیئے گئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا ویکسین کی کمی کے باعث چھوٹے ویکسینیشن سینٹرزکوبند کردیا گیا ہے، وفاق سے ویکسین کی عدم فراہمی کے باعث سینٹرزبند کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق اہم بڑے سینٹرزمیں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے تاہم جہاں ویکسین کی کمی ہے وہاں جلد وہ فراہم کردی جائے گی۔

محکمہ صحت کے مطابق ضلع وسطی اور کورنگی کے متعدد چھوٹے سینٹرز میں ویکسین کی قلت ہے، جنوبی، شرقی اور غربی کے بھی متعدد چھوٹے سینٹرز میں ویکسین کی قلت کا سامنا ہے۔کراچی کے ضلع شرقی میں 26، غربی میں 13، ضلع وسطی میں 13، ضلع ملیر میں 8، کورنگی میں 8، ضلع جنوبی میں40 ویکسینیشن سینٹرزقائم کیے گئے تھے،محکمہ صحت کے مطابق ضلع سائوتھ میں30سینٹربند ہوگئے ہیں، ضلع غربی کے 21 سینٹرز ویکسین کی قلت کے باعث بند ہیں، ضلع غربی میں قطر اسپتال میں قائم ماس سینٹر کو فعال رکھا گیا ہے جب کہ ضلع وسطی کے 18 سینٹرزمیں سے 3 بند کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق متعدد ویکسی نیشن سینٹرز میں سنگل ڈوز پاک ویک کی قلت کا سامنا ہے۔سائینو فارم ویکسین صرف سیکنڈ ڈوز کے لیے مختص ہے، سائینو ویک اور اسٹرازینیکا کی بھی قلت ہے۔