زراعت کیلئے بجٹ میں ترقیاتی مد میں9.545بلین روپے ،غیر ترقیاتی مد میں 11.483 بلین روپے مختص

زراعت میں100نئی آسامیوں کااجراء کیا گیا ہے،صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی

جمعہ 18 جون 2021 20:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) زراعت کیلئے آئندہ مالی سال 2021-22 ء کے بجٹ میں ترقیاتی مد میں9.545بلین روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 11.483 بلین روپے مختص کئے ہیںجبکہ زراعت میں 100نئی آسامیوں کااجراء کیا گیا ہے۔یہ بات صوبائی وزیرخزانہ میر ظہوربلیدی نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہانہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات سے پیدا ہونے والے اثرات جس میں پانی کی قلت، طویل خشک سالی، زیر زمین پانی کے ذخائر میں کمی، صوبے میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے اس شعبے پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال2020-21 میں کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے چیلنجز کی وجہ سے شعبہ زراعت کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان کی موثر حکمت عملی اور بروقت اقدامات کی وجہ سے ٹڈی دل سے بچائو میں کامیابی ملی جس کی وجہ سے رواں مالی سال زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر فورس سروے 2017 میں بلوچستان کے 25 لاکھ افرادشعبہ زراعت سے بلواسطہ یا بلا واسطہ وابستہ ہیں مگر موسمی تغیرات کی وجہ سے بلوچستان میں قلت آب کے مسائل کا سامنا ہے جس سے مجموعی زرعی پیدوار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کورسز کی پختگی، قیمتی آبی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی کی بدولت محفوظ بنانے، لینڈ لیولر، مائیکرو ایری گیشن سسٹم، 150 اریگیشن ٹنل بمعہ شمسی توانائی، ڈرپ اریگیشن کی بدولت 480 ایکڑ اور ببل اریگیشن سے 900 ایکڑ جبکہ ٹریکل اریگیشن کی بدولت 70 فیصد پانی کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ اس مد میں مالی سال 2021-22کے لئے نئی اسکیم کے تحت 500 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اشتراک سے زمینداروں کو زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے زرعی شعبے پر سبسڈی کی مد میں 684.510 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کے لیے مالی سال 2021-22 میں100نئی آسامیوں کااجراء کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر مالی سال 2021-22 میں اس شعبے کے لئے ترقیاتی مد میں9.545بلین روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 11.483 بلین روپے مختص کئے ہیں۔