پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے بچے سے بد فعلی کے الزام میں اپنے ہی کارکن کو گرفتار کروا دیا

پولیس نے پندرہ سالہ بچے کی ساتھ بدفعلی کے الزام میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جون 2021 10:43

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے بچے سے بد فعلی کے الزام میں اپنے ہی کارکن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2021ء) : قانون کی بالادستی کے حوالے سے اس ملک میں بسا اوقات بحث ہوتی رہتی ہے۔ ایک عام تاثر یہ ہے کہ غریب کے لیے قانون کچھ اور ہے اور امیر کے لیے کچھ اور جس کے تحت کوئی غلطی یا جُرم کرنے پر غریب کو سزا مل جاتی ہے البتہ امیر سزا سے بچ جاتا ہے اور اسے پولیس چُھو بھی نہیں سکتی۔ ایسی ہی صورتحال سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی ہوتی ہے ، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے پیچھے وزرا اور مشیروں کا ہاتھ ہوتا ہے اور یہی تصور کیا جاتا ہے کہ وہ چاہے کچھ بھی کر لیں ان کو پولیس ہاتھ بھی نہیں لگا سکتی لیکن کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے بچے سے بد فعلی کے الزام میں اپنے ہی کارکن کو گرفتار کروا کر اس تاثر کو نہ صرف زائل کیا بلکہ مثال قائم کی کہ کپتان کے اس ''نئے پاکستان'' میں قانون سب کے لیے برابر ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کورنگی کے رکن اسمبلی نے اپنے ہی کارکن کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث کارکن کو خود پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد پولیس نے پندرہ سالہ بچے کی ساتھ بدفعلی کے الزام میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی راجہ اظہر نے علاقہ مکینوں کی شکایت پر اپنی پارٹی کے کارکن عبداللہ سیال کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا اور اس کی پارٹی سے رکنیت بھی معطل کروادی گئی، ایس ایچ او اعظم راجپر نے بتایا کہ گرفتار ملزم پرالزام عائد ہے کہ اس نے پندہ سالہ بچے فرحان علی کو قیوم آباد میں زیادتی کانشانہ بنایا اوراس کی ویڈیو بھی بنائی جس کے بعد سے ملزم بلیک میلنگ بھی کرتا رہا ۔

پولیس نے کہا کہ علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑا اور برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔ پولیس کے مطابق ملزم اہم سیاسی شخصیات کے ساتھ اپنی تصویر بنوا کر لوگوں کو ڈرایا کرتا تھا، ملزم محمد عبداللہ بچوں کی فحاشی ویڈیوزبنا کرانہیں بلیک میل بھی کرتا رہا۔ رکن اسمبلی راجا اظہرنے عبداللہ سیال کوپولیس کے حوالے کردیا ، اس موقع پر راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جرائم پیشہ کی کوئی جگہ نہیں اگر کوئی نشاندہی کرے گاتو اس پر کارروائی لازم ہوگی بھلے وہ کسی بھی پارٹی کا ہو۔ تاہم پولیس نے وقارحسین شاہ کی مدعیت میںمقدمہ الزام نمبر 520/21درج کرلیا ،متاثرہ بچے اور ملزم کو اسپتال منتقل کرکے میڈیکل کروایا جا رہا ہے ۔