ایکسپو سنٹر لاہور میں کورونا ویکسین ختم، شہری مشتعل ہو گئے

شہریوں کی ایکسپو سنٹر میں توڑ پھوڑ، پولیس کی بھاری نفری تعینات ، انتظامیہ کی بیرون ملک جانے والوں کو ایک ہفتہ بعد آںے کی ہدایت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 19 جون 2021 14:17

ایکسپو سنٹر لاہور میں کورونا ویکسین ختم، شہری مشتعل ہو گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) لاہور میں واقع ایکسپو سنٹر میں کورونا ویکیسن ختم ہو گئی۔انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے کہ ویکیسن ختم ہو چکی ہے۔ایکسپو سنٹر لاہور میں ویکسینیشن کے لیے آنے والے لوگ ذلیل و خوار ہو گئے۔کورونا ویکیسن کی کمی کے باعث شہروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ایکسپو سنٹر میں ویکسین کی کمی پر لوگ مشتعل ہو گئے،شہری ایکسپو سنٹر کا دروازہ کھول کر اندر بھی داخل ہو گئے اور اس موقع پر شیشے بھی توڑے گئے۔

خاص طور پر بیرون ملک سفر کرنے والے شہری خاصے پریشان دکھائی دئیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسپو سنٹر کا ہال نمبر 3 بند کر دیا گیا ہے جبکہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم شہری ہال نمبر تین کے سامنے بیٹھ گئے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویکسین ختم ہو گئی ہے لیکن شہری باہر جانے کو تیار نہیں ہیں۔

جب کہ شہریوں کی جانب سے توڑ پھوڑ کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ چین سے رواں ماہ کورونا ویکیسن کی 80 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی، 20 لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ 20 جون اتوار کو پاکستان پہنچ جائے گی، چین سے رواں ماہ تیار ویکسین کی50 لاکھ اور کین سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں خام مال کی صورت ملیں گی ۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق چین سے رواں ماہ پاکستان کیلئے مجموعی طور پر کورونا ویکیسن کی 80 لاکھ خوراکیں آئیں گی۔ رواں ماہ 50 لاکھ تیار ویکسین پاکستان پہنچے گی جبکہ 20 سے 22 جون کے درمیان کین سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں کا خام مال بھی پاکستان پہنچےگا۔ 20 لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ 20 جون اتوار اور21 جون کو سائنو ویک ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچیں گی۔ دوسری جانب این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 959 افراد کو ویکسین لگائی گئی،ملک بھر میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 27 لاکھ 50 ہزار 760 خوراکیں لگائی جاچکی ہے۔