شاہ محمود قریشی کی ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلاموفوبیا کے خلاف، او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر مل کر آواز اٹھانے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق

ہفتہ 19 جون 2021 16:24

شاہ محمود قریشی کی ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی میں جاری انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر ملائشیا کے وزیر خارجہ حشام الدین حسین کیساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کے ملائشیا کے ساتھ دیرینہ، گہرے، برادرانہ مراسم ہیں ،پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی ،دفاعی، تعلیمی، ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا وبائی صورتحال کے نتیجے میں سامنے آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ،اقوام متحدہ، او آئی سی، آسیان سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔وزیر خارجہ نے ملائشین ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ہندوستان کے یکطرفہ اقدام کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ نے ملائشین ہم منصب کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف، پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف، او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر مل کر آواز اٹھانے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔