ورلڈ چیس فیڈریشن نے پاکستان کی رکنیت معطل کرنے کی دھمکی دیدی

دھمکی چیس فیڈریشن آف پاکستان، ورلڈ چیس فیڈریشن کے نامزد کردہ الیکشن کمشنر سلیم اختر کی ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد دی گئی، پاکستان کو سی ایف پی کے ’خود ساختہ نائب صدر‘ کی وجہ سے عالمی سطح پر معطلی،ساکھ کھو جانے کے خطرے کا سامنا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جون 2021 17:03

ورلڈ چیس فیڈریشن نے پاکستان کی رکنیت معطل کرنے کی دھمکی دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) ورلڈ چیس فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای) کے انتظامی بورڈ کی جانب سے پاکستانی حکام کو ممکنہ طور پر معطل کرنے کیلئے انتباہی خط جاری کرنے کے بعد چیس فیڈریشن آف پاکستان (سی ایف پی) کی جنرل باڈی کا ہنگامی اجلاس آن لائن طلب کرلیا گیا۔ انتباہی خط کے پیچھے کی وجہ یہ تھی کہ چیس فیڈریشن آف پاکستان اور ورلڈ چیس فیڈریشن کے نامزد الیکشن کمشنر سلیم اختر کو ایف آئی اے نے ایف آئی ڈی ای کے مبصر مسٹر جان کوکس کی نگرانی میں 8 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والے سی ایف پی کے انتخابات میں خلل ڈالنے کی ممکنہ کوشش کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا اور بعد میں رہا کیا گیا تھا۔

ایوان کو بتایا گیا کہ پاکستان کو سی ایف پی کے ’خود ساختہ نائب صدر‘ کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر معطلی اور ساکھ کے کھو جانے کے خطرے کا سامنا ہے ، مذکورہ شخص کو 2017ء میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے الیکشن کمشنر کے ذریعہ نااہل اور انتخابی ہال سے نکال دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یہی شخص غیر قانونی طور پر ایف آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو ختم کرنے کیلئے استعمال کررہا ہے حالانکہ سپورٹس بورڈ حکام نے اس شخص کیخلاف جعلسازی ، غلط بیانی ، حقائق کو چھپانے اور دھوکہ دہی کے الزام میں حتمی نوٹس جاری کیا ہوا ہے۔

ایوان نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اس شخص کے ذریعہ کی جانے والی دھوکہ دہی کے تمام شواہد کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے پاس باضابطہ طور پر جمع کرایا گیا تھا لیکن پی ایس بی کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو اب معطلی کا خطرہ درپیش ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے اداروں کو استعمال کرنے کی غیرقانونی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی کہ وہ ورلڈ چیس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی معطلی کو بچانے کے لئے اس معاملے میں مداخلت کریں اور تحقیقات کے بعد ان افراد کیخلاف قانونی کارروائی کریں جو پاکستان کی ساکھ کو خراب کرنے کے ذمہ دار ہیں۔