پاکستان میں رواں مالی سال میں بیرونی سرمایہ کاری میں 107فیصد کا ریکارڈ اضافہ

بیرونی سرمایہ کاروں نے ملکی نجی شعبے میں براہ راست 19 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کہ اسٹاک مارکیٹ سے 48 لاکھ ڈالر اور ملکی سرکاری شعبے سے 52 لاکھ ڈالر نکالے گئے، اسٹیٹ بینک

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 19 جون 2021 21:26

پاکستان میں رواں مالی سال میں بیرونی سرمایہ کاری میں 107فیصد کا ریکارڈ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) حکومت کی اپنی معاشی پالیسی کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں بہت بڑی کامیابی، پاکستان میں رواں مالی سال میں بیرونی سرمایہ کاری میں 107فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ،تفصیلات کے مطابق حکومت کی مثبت معاشی پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں- ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں 107 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ براہ راست سرمایہ کاری میں کمی دیکھنے میں آئی ہے- رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 107فیصد اضافہ ہوا جب کہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 28فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی میں بیرونی سرمایہ کاروں نے ملکی نجی شعبے میں براہ راست 19 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کہ اسٹاک مارکیٹ سے 48 لاکھ ڈالر اور ملکی سرکاری شعبے سے 52 لاکھ ڈالر نکالے گئے ،یوں مئی میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 18 کروڑ 83 لاکھ ڈالر رہا۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال جولائی تا مئی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری107 فیصد اضافے سے 3 ارب 92 کروڑ 46 لاکھ ڈالر رہی ،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب 89 کروڑ 49 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی ۔

رواں مالی سال براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری27.7فیصد کی کمی سے ایک ارب 75 کروڑ ڈالر رہی ،گزشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری دو ارب 42 کروڑ ڈالر رہی تھی ۔رواں مالی سال پورٹ فولیو سرمایہ کاری 19.5 فیصد کمی سے منفی 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی جب کہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ 2 ارب 46 کروڑ 79 لاکھ ڈالر رہی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال حکومت نے عالمی سطح پر سکوک اور یورو بانڈ فروخت کیے جس میں مالی سال کے 11 ماہ میں 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :