بھارتی شہریوں کو متحدہ عرب امارات داخلے کی اجازت مل گئی

متحدہ عرب امارات سے منظور شدہ ویکسین کی 2 خوراکیں لینے والے بھارتی شہریوں کو یو اے ای آنے کی اجازت ہوگی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 12:18

بھارتی شہریوں کو متحدہ عرب امارات داخلے کی اجازت مل گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) کورونا کیسز کی شرح میں کمی کے بعد بھارتی شہریوں کو متحدہ عرب امارات داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات سے منظور شدہ ویکسین کی 2 خوراکیں لینے والے بھارتی شہریوں کو یو اے ای آنے کی اجازت مل گئی جب کہ کورونا کی منفی رپورٹ لانے پر امارات میں بھی ٹیسٹ کیا جائے گا ، فیصلے پر 23 جون سے عمل درآمد ہوگا تاہم دوسری جانب کورونا وباء کی تیسری لہر پر قابو پا نے کے باوجود پاکستان پر عائد سفری پابندیاں تاحال برقرار رکھی گئی ہیں ، اس ضمن میں متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود کی جانب سے کچھ روز قبل دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کروانے کیلئے اماراتی حکام سے بات چیت جاری ہے، جلد مثبت پیش رفت ہوگی ، امید ہے کہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات کی ریاستوں کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ دوبارہ جلد شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اماراتی سول ایوی ایشن نے رواں ہفتے منگل کے روز پاکستان سمیت دیگر ممالک سے چارٹرڈ فلائٹس سے آنے والے مسافروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی تھیں ، اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جو نیا سرکلر جاری ہوا، اس کے مطابق تمام مسافروں کو امارات پہنچنے کے فوراً بعد 14 روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے ، ان افراد کو قرنطینہ کے دوران کم از کم 10روز ٹریکنگ ڈیوائس بھی پہننا ہو گی ، یہ ڈیوائسز شارجہ، ابوظبی اور راس الخیمہ ایئرپورٹ پر اترنے والے مسافروں کودی جا چکی ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستان ، بھارت، نائیجیریا، نیپال اور یوگنڈا سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے آنے والے مسافر پہنچتے ساتھ ہی پی سی آر ٹیسٹ کروائیں گے ، پھر قرنطینہ کے چوتھے روز اور پھر آٹھویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کروانے لازمی ہوں گے ، جب کہ ان ممالک سے دُبئی آنے والوں کو 10 روز آئسولیشن میں اور گزارنے کے ساتھ پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانا ہوگا۔