شہید بینظیر بھٹو فکر و فلسفہ پاکستان کو درپیش مسائل کی کنجی اور روشن مستقبل کی جانب جانے والا واحد راستہ ہے،،سید اقبال شاہ

شہید بینظیر بھٹو نے بطور سیاسی رہنما و ملک کی منتخب وزیراعظم، پاکستان کی سیاست، معیشت اور معاشرے پر مثبت، گہرے اور بیشمار اثرات و نقوش چھوڑے ہیں،پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری اور سیکرٹری اطلاعات کا مشتر کہ پیغام

اتوار 20 جون 2021 18:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی کا بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر جاری کردہ مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے بطور سیاسی رہنما و ملک کی منتخب وزیراعظم، پاکستان کی سیاست، معیشت اور معاشرے پر مثبت، گہرے اور بیشمار اثرات و نقوش چھوڑے ہیں۔

1973ع کے آئین میں سے آمریتی الائشوں کو نکال کر اس کی اصل شکل میں بحالی، پارلیمان کو اختیارات کی منتقلی، صوبوں کو خودمختیاری، این ایف سی ایوارڈ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت، عورتوں اور اقلیتوں سمیت پسماندہ و کمزور گروہ و طبقات کو ہر فورم پر نمائندگی، بھوک و غربت کے خاتمے کے لیئے پروگرامز، عوام کی ترقی و بہبود کے منصوبے اور دہشتگردی و انتھاپسندی کی بیخ کنی سمیت دیگر بیشمار ایسے اقدامات ہیں، جو درحقیقت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی بھر کی جدوجہد کا ثمر ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے عظیم والد سمیت دو بھائیوں کی قربانیوں کے باوجود عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھی اور اپنے دور کے دو ظالم و جابر آمروں کو پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے انہیں ہمیشہ کے لیئے سیاسی زوال کی قبروں میں دفن کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ و فکر آج بھی عوام کو ریوڑ سمجھنے والے استحصالی عناصر کے مذموم عناصر کے آگے اصل مزاحمت ہے، گو کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جسمانی طور آج ہم میں موجود نہیں ہیں، لیکن ان کا فکر و فلسفہ پاکستان کو درپیش مسائل کی کنجی اور روشن مستقبل کی جانب جانے والا واحد راستہ ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اپنی شہید چیئرپرسن کے مشن پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے ملک میں جمہوریت کو مضبوط، آئین و قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کی پاسداری، بھوک و غربت کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیئے جدوجہد جاری رکھے گی اور اس کے لیئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔