1200سکولوں کی اپ گریڈیشن نہ ہونے کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 25 جون 2021 11:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2021ء) 1200سکولوں کی اپ گریڈیشن نہ ہونے کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التواکار کے متن میں کہاگیا ہے کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ 6 ماہ بعد بھی کاغذوں تک محدود ہے ۔ 1200سکولوں کی صرف نام کی اپ گریڈیشن ہو سکی،سہولیات کی کمی کو پورا نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ منصوبے کے تحت ایلیمنٹری سکولز کے اضافی 3 ہزار 315 اساتذہ کو اپ گریڈڈ سکولوں میں خدمات انجام دینی تھیں ۔ایلیمنٹری سکولز کے اضافی 3 ہزار 933 کمروں میں سیکنڈری کلاس رومزبنیں گے ،ان بارہ سو سکولوں میں پچاس کے قریب لاہور کے سکول بھی شامل تھے۔ابتدائی طور پرپرائمری سکولوں کو ایلمنٹری اور ایلمنٹری کو سیکنڈری سکول کا درجہ دیا گیا۔تاہم ان سکولوں میں نہ تو خصوصی مضامین کے لیے ایس ایس ٹی تعینات کئے گئے اور نہ ہی پرنسپلز ،سائنس اور کمپیوٹر لیبزبھی نہیں بنائی گئیں۔پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں کے اساتذہ کو ہی میٹرک کے طلبا کو پڑھانے کی ہدایات کردی گئی ہیں ۔