سندھ میں وزراء اور سرکاری افسران کی کرپشن عروج پر ہے،خرم شیرزمان

ایک سال میں کمشنر کراچی کے دفتر میں 61 لاکھ روپے چائے پانی پر خرچ کیے گئے،پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی

ہفتہ 26 جون 2021 22:34

سندھ میں وزراء اور سرکاری افسران کی کرپشن عروج پر ہے،خرم شیرزمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2021ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں وزراء اور سرکاری افسران کی کرپشن عروج پر ہے، کراچی کی عوام کے ٹیکس کا پیسہ صوبائی وزراء اور سرکاری افسران بیدردی سے استعمال کررہے ہیں۔ ایک سال میں کمشنر کراچی کے دفتر میں 61 لاکھ روپے چائے پانی پر خرچ کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ عوام سے ٹیکس وصول کرکے سرکاری افسران کو عیاشیاں کروا رہے ہیں۔ صوبے کے نام نہاد اسٹیک ہولڈرز عوام کے پیسے سے خود کو بل گیٹس سمجھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ خرچیوں اور عیاشیوں کے بغیر پیپلز پارٹی اور ان کے وزرائ سانس بھی نہیں لے سکتے۔

(جاری ہے)

صوبے کا منشی اپنے نالائق افسران کے ذریعے نظام کو کھوکھلا کررہا ہے۔ سندھ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے غیر فعال ہونے کی سزا شہریوں کو دی جارہی ہے۔ کرپٹ صوبائی حکومت اور بیوروکریسی کو لگام دینے کیلئے آرٹیکل 140اے کا نفاذ اہم ہوتا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی دونمبری کو بے نقاب کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ صوبائی اداروں میں جاری افسران کی عیاشیوں کا نوٹس لیں۔

خرم شیرزمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں جعلی آئین کے رکھوالوں نے ڈکٹیٹر شپ نافذ کی ہوئی ہے۔ سندھ کا ہر محکمہ اس وقت تباہی و بربادی کا شکار ہے۔ صوبے میں صحت کا نظام بالکل تباہ ہو چکا ہے۔ سندھ کے بچے اور نوجوان تعلیم اور نوکریوں سے محروم ہیں۔ سندھ کے سرکاری اسکول میں نالے کا پانی حکومتی سنجیدگی کا مذاق اڑارہا ہے۔ سندھ کے اسکولوں میں اساتذہ موجود نہیں لیکن ان کی تنخواہیں جاری ہورہی ہیں۔ وزراء سرکاری اسکولوں میں اپنے بچوں کو پڑھنے بھیجیں۔ سلطنت زردار کے چشم وچراغ بلاول سرٹیفائیڈ نابینا ہیں۔ بلاول کو اپنے وزیروں کی نااہلی اور سرکاری افسران کی کرپشن دکھائی نہیں دیتی۔وزیر اعلیٰ سے لیکر یوسی تک افسران فنڈز ہڑپ کررہے ہیں۔