ایف آئی اے کا حمزہ شہبازاور علی ترین کو شوکاز نوٹس

حمزہ شہباز سے پراپرٹیز،زرعی اراضی، شوگر ملز میں کی گئی سرمایہ کاری اور دیگر اثاثوںکی منی ٹریل طلب

ہفتہ 3 جولائی 2021 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2021ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی ای)نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اورپی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے ۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کوشو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے رواںماہ کے اختتام تک دوبارہ طلب کر لیاگیاہے اورمنی ٹریل نہ دینے پرپراپرٹی بحق سرکار ضبط کرنے کا عندیہ بھی دیا گیاہے ۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز سے جن پراپرٹیز کی منی ٹریل مانگی گئی ہے ان میں جوڈیشل ایمپلائز سوسائٹی میںمکان نمبر48سی51کی 10کنال اراضی ،جوہرٹا ئون میں پلاٹ نمبر61تا71کے بلاک کی پراپرٹیز ،چنیوٹ میں25کنال اراضی ،2008ء کے بعد رمضان شوگرملز میں سرمایہ کاری ،شریف فیڈ ملز،مدینہ کنسٹرکشن،مدنی ٹریڈنگ کمپنی،شریف پولٹری ، شریف ڈیری ،گاڑیوں ،بینک اکائونٹس،شیئرز،جیولری ،کیش اور پرائز بانڈز کی منی ٹریل طلب کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے علی ترین کو بھی شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ وقت تک ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر اکائونٹس اورعلی ترین کی تمام پراپرٹیزکو منجمد کرنے کا عندیہ دیا ہے ۔علی ترین سے بینک اکائونٹس اورسرمایہ کاری کا ریکارڈ طلب کیا گیاہے،علی ترین سے کہا گیا ہے کہ وہ کاروبار کے لیے بینکوں یا فیملی ممبران سے جتنی رقم لی ہے اس کا ریکارڈ مہیا کریں۔