”غریب لڑکے لڑکیاں پریشان نہ ہوں، شادی کا تمام خرچہ ہم اُٹھائیں گے“

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شاندار اقدام، سینکڑوں نوجوان لڑکے لڑکیوں کی شادی کے لیے 37 لاکھ ریال کی گرانٹ کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 جولائی 2021 12:30

”غریب لڑکے لڑکیاں پریشان نہ ہوں، شادی کا تمام خرچہ ہم اُٹھائیں گے“
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی2021ء ) سعودی عرب کی گزشتہ کئی دہائیوں سے پہچان اسلامی روایات و اقدار کے پابند ایک اسلامی ملک کے طور پر رہی ہے۔ تاہم موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کو اعتدال پسند ریاست بنانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ا س مقصد کے لیے انہوں نے بہت سی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ جن کے تحت خواتین پر عائد بہت سی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

انہیں کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ وہ اپنا شناختی کارڈ خود بنوا سکتی ہیں۔ بالغ سعودی خاتون ولی کی اجازت کے بغیر اپنی شادی کا فیصلہ خود کر سکتی ہے اور تعلیم اور دیگر ضروریات کے لیے محرم کے بغیر بیرون ملک سفر بھی کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں سعودی خواتین کو سرکاری و نجی شعبے میں ملازمتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے نوجوان طبقہ شہزادہ محمد بن سلمان سے بہت خوش نظر آتا ہے اور ان کی پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے۔

سعودی ولی عہد نے اب ایک اور اہم اعلان کر کے سعودی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق ولی عہد نے سینکڑوں نوجوان لڑکے لڑکیوں کی شادیاں کروانے کے لیے تمام اخراجات حکومت کی جانب سے اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں ولی عہد نے میرج گرانٹس کے تحت 37 لاکھ سعودی ریال(9 لاکھ 97 ہزار ڈالرز) کی خطیر رقم مختص کر دی ہے۔اس رقم سے غریب اور کم آمدنی والے 2 سو سے زائد سعودی نوجوان لڑکے لڑکیوں کی شادی کروائی جائے گی اور تمام تر اخراجات بھی اسی میرج فنڈ سے دیئے جائیں گے۔

شادی کے لیے اس امداد سے یتیموں اور معذوروں کا بھلا ہو سکے گا جو اب تک آنکھوں میں گھر بسانے کا خواب سجائے بیٹھے تھے، مگر ان کے مالی وسائل اس خواب کی تعبیر حاصل کرنے میں حائل تھے۔ اس سے قبل 2019 ء میں سعودی ولی عہد نے’سند محمد بن سلمان پروگرام‘ کے تحت 26 ہزار سے زائد افراد کو شادی، امداد اور روزگار فراہم کرنے کے مختلف منصوبوں کے تحت 52 کروڑ ڈالرز کی امداد فراہم کی تھی ۔ سعودی نوجوانوں نے غریب اور نادار افراد کو ازدواجی زندگی کا خواب پورا کرنے میں مکمل معاونت دینے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے اور ان کی لمبی عمر اور بہترین صحت کی دعائیں بھی کی ہیں۔