سعودی عرب میں اس بار حج کے موقع پر نئی تاریخ رقم ہو گئی

تاریخ میں پہلی بار مسجد الحرام، حج مقامات اور مسجد نبوی میں خواتین فوجی اہلکاروں نے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 جولائی 2021 08:53

سعودی عرب میں اس بار حج کے موقع پر نئی تاریخ رقم ہو گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جولائی 2021ء ) سعودی عرب ہزاروں سال سے ایک روایت پرست ملک رہا ہے، جہاں اسلامی اقدار کو ہمیشہ اولیت دی گئی ہے۔ یہاں پر خواتین کے پردے کا سخت رواج رہا ہے جس کی وجہ سے خواتین کو گھروں تک ہی محدود رکھا گیا۔ تاہم موجودہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی ویژن 2030ء پیش کیا جس کے تحت سعودی معیشت کو سال 2030ء تک ترقی یافتہ بنانے کے لیے سعودی خواتین کو بھی روزگار کے بھرپور مواقع دیئے جا رہے ہیں اور ان کے حقوق کی صورت حال بھی بہتر بنائی گئی ہے۔

خواتین کے ڈرائیونگ پر عائد پابندی بھی ہٹالی گئی ہے۔ سعودی خواتین اب ہر شعبے میں اپنی خدمات نبھا رہی ہیں۔ جن میں فوج کا شعبہ بھی شامل ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودیہ میں اس بار حج سیزن میں خواتین سکیورٹی اہلکاروں نے مسجدالحرام اور دوسرے مقدس مقامات میں پہلی مرتبہ محافظت کے فرائض انجام دیے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی خواتین فوجیوں کے اس پہلے گروپ میں مْنیٰ بھی شامل ہیں۔

اس سال اپریل کے بعد دسیوں خواتین فوجیوں کو الحرمین الشریفین کی سکیورٹی سروسز میں شامل کیا گیا ہے۔اس وقت وہ مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں سکیورٹی کی ذمے داریاں انجام دے رہی ہیں۔روایتی خاکی فوجی وردی میں ملبوس منیٰ اپنی دوسری ساتھی اہلکاروں کے ساتھ مسجد الحرام میں حج کے دوران میں گشت پر مامور رہی ہیں۔

منیٰ نے بتایا کہ ”میں اپنے مرحوم والدکا مشن پورا کررہی ہوں،ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے یہاں مسجدالحرام میں خدمات انجام دے رہی ہوں۔عبادت گزاروں کی خدمت بہت مقدس اور مبارک کام ہے۔“کعبة اللہ کے مطاف میں خدمات انجام دینے والی ایک اور خاتون فوجی ثمرنے بتایا کہ ”میرے خاندان نے فوج میں بھرتی کے لیے میری حوصلہ افزائی کی تھی۔کعبة اللہ کے سائے میں ضیوف الرحمٰن کی خدمت ایک بہت بڑا اعزاز اورفخر ہے۔“
سعودی عرب میں اس بار حج کے موقع پر نئی تاریخ رقم ہو گئی