صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور وزراء کا سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس

جمعہ 23 جولائی 2021 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور زراء نے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعاکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ صدر نے کہا کہ صحافت کے میدان میں عارف نظامی مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں ممتاز صحافی، مدیراور سیاسی تجزیہ کار عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال کی خبر پر وہ رنجیدہ ہوئے ہیں، میری تعزیت اور دعائیں ان کے اہل خانہ کے لئے ہیں۔اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے سینئر صحافی، کالم نگار، اینکر پرسن عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صحافت کے شعبے میں مرحوم کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ شعبہ صحافت ایک نامور صحافی سے محروم ہو گیا ہے جو ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، عارف نظامی صحافت کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے ان کی ملک کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہارکیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عارف نظامی صاحب کی رحلت کا سن کر دل بجھ گیا ہے، ان سے طویل تعلق تھا۔ تحریک پاکستان میں ان کے والد حمید نظامی اور میرے دادا چوہدری اویس اور تایا چوہدری الطاف حسین ہمسفر تھے، اسی تعلق سے ان سے وہی تعلق رہا جو خاندان کے بزرگوں سے ہوتا ہے۔

خدا غریق رحمت کرے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے معروف صحافی اور پبلشر عارف نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عارف نظامی صاحب کی رحلت پرانتہائی دکھ ہوا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوائے وقت گروپ کے نظامی خاندان سے پانچ دہائیوں سے ایک ذاتی تعلق ہے، عارف نظامی صاحب کی رحلت میرے لئے کسی بھی ذاتی نقصان سے کم نہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو غریق رحمت کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملک کے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، عارف نظامی ایک نامور صحافی، دانشور اور انسان دوست شخصیت کے حامل تھے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال سے صحافت کا شعبہ ایک اہم علم دوست شخصیت سے محروم ہو گیا ہے، صحافت کے شعبہ میں عارف نظامی مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے رفقا اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے مرحوم عارف نظامی کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔

وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے معروف صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور صحافت کے شعبے میں مرحوم کی خدمات کو ہمشیہ یاد رکھا جائے گا، عارف نظامی کے انتقال سے دلی رنج ہوا، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے۔

اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ صحافت کی دنیا میں عارف نظامی کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے گھر والوں کے لئے دعاگو ہیں، اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال سے صحافت کا دیرینہ باب بند ہوگیا ہے، نظامی خاندان کی صحافت کے ساتھ ساتھ تحریک پاکستان میں بھی کلیدی کردار رہا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ عارف نظامی کی صحافت کے شعبے میں خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عارف نظامی کی رحلت کی خبر سے دلی صدمہ ہوا ، اللہ تعالی عارف نظامی کی مغفرت کرے اور اہلخانہ کو صبروجمیل عطا کرے۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے معروف صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عارف نظامی نے اپنے والد حمید نظامی کے انتقال کے بعد گرانقدر صحافتی خدمات انجام دیں، مرحوم ایک سچے محب وطن تھے، عارف نظامی کے والد اور میرے والد نے تحریک آزادی پاکستان میں مل کر کام کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

وفاقی وزیرریلوے اعظم خان سواتی نے ممتازصحافی اور تجزیہ کارعارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے شعبہ میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ صحافت کے شعبہ میں اپنا الگ مقام رکھتے تھے ،ان کی رحلت سے صحافت کا ایک بڑا باب بند ہوگیا ہے۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت کرے اور اہل خانہ کو صبرِجمیل عطا کرے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے سینیئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، ان کا تعلق صحافیوں کی اس نایاب نسل سے تھا جو تیزی سے غائب ہورہی ہے۔